Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور فلسطین مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے قیام پر متفق

فلسطینی صدر محمو د عباس نے دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ فوٹو ایس پی اے
فلسطینی صدر محمو د عباس نے جمعرات کو سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی قائدین سے ملاقاتیں کیں۔
سعودی عرب اور فلسطین مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور بزنس کونسل کے قیام پر متفق ہوگئے۔ یہ فیصلہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس نے جمعرات کو ریاض کے قصر یمامہ میں ملاقات اور مذاکرات کے دوران کیا۔
سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس نے مذاکرات میں فلسطین کے تازہ حالات اور فلسطینی مسائل کی گتھیاں سلجھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے طور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فلسطینی صدر محمو د عباس نے جمعرات کو سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ فوٹو۔ ایس پی اے

فلسطینی صدر کی خواہش پر مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور سعودی فلسطینی بزنس کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ بات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور فلسطینی صدر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بھی زیر بحث آئی تھی۔ 
ولی عہد کی معاونت وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد ، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم العساف ، وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور سربراہ محکمہ خفیہ خالد بن علی الحمیدان نے کی جبکہ فلسطینی صدر کی معاونت کے لیے پی ایل او کی مجلس عاملہ کے سیکریٹری ڈاکٹر صائب عریقات، صدارتی مشیر برائے سفارتی امور مجدی الخالدی اور مملکت میں متعین سعودی سفیر باسم عبداللہ الاغا موجود تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں