دورہ پاکستان کے دوران برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے پاکستانی ملبوسات نے صرف ملک کے اندر ہلچل پیدا نہیں کی بلکہ اس کی دھوم سعودی عرب میں بھی مچی ہوئی ہے۔
سیکڑوں سعودی سوشل میڈیا صارفین نے شاہی جوڑے کے دورے میں گہری دلچسپی لی ہے جبکہ خواتین نے خاص طور پر ان کے پاکستانی ملبوسات اور جیولریز پر توجہ مرکوز کی ہے۔
سنیپ چیٹ اور ٹوئٹر پر سعودی خواتین نے شہزادی کی تمام تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی لباس کو پسند کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے خوبصورت اور اچھی بات یہ ہے کہ شہزادی جس ملک میں گئی ہیں وہاں کی تہذیب اور ثقافت کا احترام کیا ہے۔
ایک سعودی خاتون مہا نے متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی لباس پہننے میں جہاں بہت خوبصورت نظر آتا ہے وہاں اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ عورت کے شرم وحیا کا بھی محافظ ہے۔ اسے پہننے کے بعد عبایہ اوڑھنے کی ضرورت نہیں‘۔
بصیرہ نامی ایک سعودی لڑکی نے کیٹ کے نیلے جوڑے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’ویسے تمام ملبوسات بہت خوبصورت ہیں مگر نیلے لباس کی بات ہی اور ہے، میرا خیال ہے کہ مجھ سمیت کئی لڑکیاں ایسا جوڑا ضرور بنوائیں گی‘۔
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کسی نے کمنٹ کیا ’آئندہ ایک ماہ تک ہر شادی بیاہ اور عورتوں کی محفل میں کیٹ کے ملبوسات پہننے والی لڑکیاں نظرآئیں گی‘۔
حیات نے سنیپ چیٹ پر کیٹ کی مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے ہر تصویر پر کمنٹ کیا ہے۔ رکشے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’شاہی جوڑے کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں دونوں نے سبز رنگ کے جوڑے پہن رکھے تھے۔ یہ بات سب کو معلوم ہوگی کہ یہ پاکستانی پرچم کا بھی رنگ ہے‘۔
ایک سعودی خاتون نے کہا ’میں پاکستانی لباس سے بہت متاثر ہوئی، مجھے کوئی بتا سکتا ہے کہ جدہ میں پاکستانی ملبوسات کہاں سے ملتے ہیں، کیا یہ تیار شدہ ہوتے ہیں یا سلوانے پڑتے ہیں اور اگر سلوانا ہو تو کہاں سے سلوائے جائیں گے‘۔
اس پر ایک خاتون نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ’جدہ کے العزیزیہ علاقہ میں پاکستانی کپڑوں کی کئی دکانیں ہیں، ان کے پاس تیار شدہ بھی ملتے ہیں اور اگر سلوانا ہو تو انہی دکانوں میں درزی بھی ہیں‘۔
كيت ميدلتون دوقة كامبريدج وزوجها الأمير ويليام في زيارة لپاكستان وقد بدت في زي پاكستاني شبيه لما ارتدته الأميرة ديانا عند زيارتها لباكستان.#غرد_بصورة #الديلي_ميل_البريطانية pic.twitter.com/5ikRvh2obR
— أمل ناضرين (@AmalNadhreen) October 15, 2019
سیما نامی خاتون نے کمنٹ کیا ’انڈین فلمیں دیکھ کر ہمارے ذہنوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ ساڑھی وہاں کی عورتوں کا عام لباس ہے، ہمیں معلوم ہی نہیں کہ پاکستانی لباس اس قدر خوبصورت اور با پردہ ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں