Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ڈائری: کترینہ کو ہر کوئی مبارک باد دے رہا ہے

گاندھی کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلے میں مودی نے بالی وڈ فنکاروں کی ضیافت کی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
گذشتہ دنوں بالی وڈ کے ستارے ممبئی کے بجائے دارالحکومت دہلی میں جمع ہوئے تھے جن میں شاہ رخ خان، عامر خان سے لے کر کنگنا رناوت اور سونم کپور سب شامل تھے۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے 'بابائے قوم' مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلے میں بالی وڈ کے فنکاروں اور فلم سازوں کی ضیافت کی جہاں ثقافتی ویڈیو 'چینج ودن' یعنی اندر سے تبدیلی کی رونمائی ہوئی۔
100 سیکنڈ پر مبنی یہ ویڈیو گاندھی جی کی زندگی، ان کی تعلیمات اور ان کے اقدار کی عکاسی کرتی ہے اور اس میں عامر خان، شاہ رخ خان کے ساتھ سلمان خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، سونم کپور وغیرہ نظر آتے ہیں۔

شاہ رخ نے کہا کہ گاندھی جی کو انڈیا اور دنیا سے از سر نو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

نریندر مودی نے تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: 'ہماری فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری متنوع اور زندہ دل ہے، بین الاقوامی سطح پر اس کے اثرات بھی بہت زیادہ ہیں۔ ہماری فلم، میوزک اور رقص لوگوں اور سماج کو جوڑنے کا بہت اچھا وسیلہ ہیں۔'
شاہ رخ نے کہا کہ گاندھی جی کو انڈیا اور دنیا سے از سر نو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ عامر خان نے کہا کہ وزیراعظم سے ان کی ملاقات ’واقعی حیرت انگیز رہی۔'
دوسری جانب کنگنا رناوت جن کی ان دنوں حکومت سے قربتیں نظر آ رہی ہیں انھوں نے کہا کہ 'مودی جی پہلے وزیر اعظم ہیں جو فلم انڈسٹری کے فن اور فنکاروں سے اس قدر ہم آہنگ ہیں۔'
انھوں نے مزید کہا کہ 'ان سے پہلے کسی نے بھی اس ملک میں فن اور فنکاروں کی سافٹ پاور کی قدر کی اور نہ اس کا اعتراف کیا۔'
 
اب کنگنا کو کون بتائے کہ جواہر لعل نہرو سینیما سے کتنے قریب تھے اور ان کے دلیپ کمار، راج کپور، لتا منگیشکر وغیرہ سے کتنے دوستانہ اور قریبی تعلقات تھے۔
کترینہ کیف کے لیے تعریف کرنے والوں کی قطار
بالی وڈ کی 'باربی ڈال' کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف پر کے لیے ان دنوں چہار جانب سے مبارکباد کی بارش ہو رہی ہے۔
مبارکباد دینے والوں میں امیتابھ بچن سے لے کر سوارا بھاسکر تک ایک لمبی فہرست ہے جس میں عامر خان، شاہ رخ خان، پرینکا چوپڑا، رتک روشن، ارجن کپور، کرن جوہر، سلمان خان اور دیگر شامل ہیں۔

کترینہ کیف نے حال ہی میں ’کےبائی کترینہ‘  کے نام سے بیوٹی برانڈ لانچ کیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
 

ان کو یہ مبارک باد ان کی نئی بیوٹی برانڈ کے لانچ پر ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر دی جا رہی ہے۔
36 سالہ اداکارہ نے منگل کے روز ’کےبائی کترینہ‘ نامی بیوٹی برانڈ لانچ کی اور اس کی ایک ویڈیو جاری کی۔
شاہ رخ خان نے مبارکباد کے ساتھ انھیں زیادہ اختیار اور زبردست کامیابی کی دعا بھی دی۔
سلمان خان نے شاید سب سے پیارا پیغام بھیجا۔ انھوں نے لکھا: ’کے بیوٹی سٹور میں کیا کر رہی ہے۔۔۔ اسے تو تمہارے گھر، تمہارے ڈریسنگ ٹیبل اور کسی دوسرے کے چہرے سے پہلے تمہارے چہرے پر ہونا چاہیے۔‘

 

اس کے ویڈیو میں جو گیت ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ 'اگر آپ شہزادی ہونا محسوس نہیں کر رہی ہیں تو آپ ملکہ یعنی کوئن ہیں۔'
پرینکا چوپڑا نے ان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: 'انتظار نہیں ہو رہا ہے۔' جبکہ عامر خان نے اپنے پیغام میں لکھا: 'کیٹ، خوبصورتی تمہیں جاننے لگی ہے۔۔۔ تمہیں نئے بیوٹی برانڈ کے لیے مبارکباد۔'
خیال رہے کہ سلمان خان کا بھی اپنا برانڈ 'بینگ ہیومن' ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کترینہ سلمان کے نقش قدم پر ہیں؟
جھانوی کپور کو کیوں ٹرول کیا جا رہا ہے؟
اتنا تو آپ جانتے ہی ہیں کہ جھانوی کپور سری دیوی کی بیٹی ہیں اور ان دنوں بالی وڈ کا نیا سینسیشن ہیں۔
وہ اپنے لباس کے لیے کئی بار ٹرول ہو چکی ہیں بلکہ کئی اداکاروں نے انھیں جم کے لباس کے  حوالے سے نصیحت بھی کر رکھی ہے۔

جھانوی کپور ان دنوں ’دوستانہ دو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

گذشتہ دنوں ایک ویڈیو میں وہ تیز زرد شلوار سوٹ اور دوپٹے میں نظر آ رہی ہیں۔ وہ اپنی کار کی جانب جاتے ہوئے کیمرے کی طرف دیکھ کر ہاتھ بھی ہلاتی ہیں اب اس کے لیے تو کوئی ٹرول نہیں ہو سکتا ناں؟
لیکن اس بھول پن کو کیا کہیے کہ وہ اپنے دوپٹے سے اس کی قیمت کا ٹیگ ہٹانا بھول گئیں اور لوگوں کی باریک بینی کی بھی داد دیجیے کہ وہ جھانوی کپور کی کسی چیز کو مس نہیں کرنا چاہتے۔
جھانوی کے ایک دوسرے لباس کے بارے میں فلم فیئر نے ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: 'فائر بریگیڈ کو بلاؤ کیونکہ جھانوی کپور آپ کی ٹائم لائن پر آگ لگا دیں گی۔'
جھانوی کا اپنا انداز ہے اور وہ فی الحال ’دوستانہ دو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اور آپ ان کی دو تصویروں کو دیکھ کر لال پیلے نہ ہوں تو بہتر۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: