Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: 8.3 ملین ٹکٹوں کی فروخت

ریاض سیزن کے لیے اب تک 15 ہزار سیاحتی ویزے جاری ہوئے ہیں۔۔ فوٹو۔العربیہ
ریاض شہر میں جاری 70 روزہ ریاض سیزن کے سلسلے میں جاری مختلف تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے اب تک 8.3 ملین ٹکٹوں کی فروخت ہو چکی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ تفریحی پروگراموں کا یہ سلسلہ شہر کے مختلف مقامات پر 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔
العربیہ کے مطابق سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن میں شرکت کے لیے اب تک 15 ہزار سیاحتی ویزے جاری ہوئے ہیں۔

ریاض سیزن کے تفریحی پروگراموں کا سلسلہ 15دسمبر تک جاری رہے گا۔ فوٹوالعربیہ

ریاض میلے کے لیے پانچ مقامات پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئندہ دنوں میں مزید مقامات پر نئی تفریحی سرگرمیوں کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا تفریحی پروگرام ہے۔
دو لاکھ مربع میٹر رقبے پر خوبصورت انداز سے تیار کیا گیا ونٹر ونڈرلینڈ عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، ونٹر ونڈر لینڈ میں ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کے لیے مختلف اقسام کے 42 کھیلوں اور جھولوں کا انتظام کیا گیا ہے، یہاں پر داخلے اور مختلف قسم کے کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔

ونٹر ونڈر لینڈ میں مختلف اقسام کے 42 کھیلوں اور جھولوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ فوٹو۔العربیہ

ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ونٹر ونڈر لینڈ میں خیراتی اور فلاحی تنظیموں کی زیر سرپرستی بچوں اور ملک کے شہداء کے بچوں کے لیے بدھ اور جمعرات دو دن مختص کیے گئے ہیں۔ جمعہ کے دن سے ونٹر ونڈر لینڈ کے تمام جھولے اور مقامات عام افراد کے لیے کھول دیے جائیں گے۔
ریاض سیزن کے سلسلے کا ایک اور پروگرام سعودی عرب کے معروف ڈرامہ اداکار ناصر القصبی کا تھیٹر آج سے نورہ یونیورسٹی کے بلیو ہال میں دکھایا جائے گا، ڈرامے دیکھنے کے منتظر افراد کے شوق کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ناصر القصبی کے ڈرامے کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں ۔ 
 
المربع محلے میں نبض الریاض کے تحت جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو خصوصی تفریحی سرگرمیاں ہوں گی جس میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی مقامی موسیقی اور روایتی رقص پیش کیا جائے گا۔
آئندہ دنوں میں ریاض سیزن کے تحت 7 نئے مقامات میں مزید تفریحی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔
  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: