جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے گم شدہ پاسپورٹ بنوانے کے لیے اخبار میں اشتہار کی شرط ختم کر دی ہے۔
اب گمشدہ پاسپورٹ بنوانے کے لیے حلف نامہ درخواست فارم کے ساتھ جمع کروانا ہی کافی ہے۔
قونصلیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں گمشدہ پاسپور ٹ کے لیے اخبار کا اشتہار لازمی ہوا کرتا تھا تاہم اب اس کی ضرورت نہیں۔ اشتہا رکی جگہ حلف نامہ جمع کرایا جاسکتا ہے جس کی بنیاد پر متبادل مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنایا جاتا ہے۔
اخبار میں اشتہار اس لیے شائع کرایا جاتا تھا کہ اگر کوئی گمشدہ پاسپورٹ کا غلط استعمال کرے تو اصل پاسپورٹ کے مالک کے پاس اس امر کا ثبوت ہو کہ پاسپورٹ گم ہوگیا تھا جس کی باقاعدہ رپورٹ کی جاچکی ہے۔
گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ بنوانے کے لیے قونصلیٹ کے باہر موجود ایجنٹس کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ کو درکار مطلوبہ حلف نامہ وہ درخواست گزار کو فراہم کرتے ہیں جس کی اجرت وہ وصول کرتے ہیں۔
ایجنٹس نے اس بات کی بھی تردید کی کہ جب سے اخباری اشتہار کی شرط ختم ہوئی ہے انہوں نے کسی قسم کا اشتہار بک نہیں کیا۔
دوسری جانب قونصلیٹ کے باہر پاسپورٹ تجدید کرانے کے لیے آنے والوں کا کہنا تھا کہ جب سے پاسپورٹ کی میعاد 10 برس کی گئی ہے کافی سہولت ہوگئی۔
قونصلیٹ میں موجود ایک شخص نے بتایا کہ اب ماضی کی طرح رش بھی نہیں ہوتا۔ ’فوری نمبر آجاتا ہے جبکہ ماضی میں صرف تجدید کے لیے ٹوکن حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوا کرتا تھا۔‘
ان کے مطابق ابتدائی ٹوکن حاصل کرنے کے بعد پاسپورٹ تجدید کے لیے کائونٹر پر جانے کا دوسرا ٹوکن حاصل کرنا پڑتا تھا جس میں کئی گھنٹے لگ جاتے تھے۔
واضح رہے ماضی میں پاسپورٹ کی مدت 5 برس ہوتی تھی جس سے کمیونٹی کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ پاسپورٹ تجدید کرانے کے لیے دوسرے شہروں سے آنے والے رات کو قونصلیٹ کے باہر انتظار کرتے تھے تاکہ ابتدائی نمبر حاصل کیے جاسکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں