گھریلو ملازمین کے لیے ویزا اخراجات میں کمی کا اعلان
گھریلو ملازمین کے لیے ویزا اخراجات میں کمی کا اعلان
ہفتہ 30 نومبر 2019 19:44
وزارت محنت نے ’معروفہ‘ کے عنوان سے نئی سہولت فراہم کی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی نے بیرون ملک سے گھریلو ملازمین منگوانے کے مراحل کو مزید آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کے شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کو دی گئی سہولت کے تحت اب انہیں گھریلو ملازمین کے ویزوں کے اخراجات میں 50 فیصد کمی دی جائے گی۔
وزارت محنت کی جانب سے گھریلو ملازمین کے لیے ویزوں کے اجرا کی کارروائی کو مزید تیز اور اخراجات کو کم کرنے کے لیے ’معروفہ‘ کے عنوان سے نئی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نئی سہولت کے تحت گھریلو ملازمین منگوانے کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے۔
گھریلو ملازمین منگوانے کے حوالے سے وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے کہا گیا کہ ’معروفہ ‘ سروس کا فیچر وزارت محنت کی ویب سائٹ ’مساند‘ پر موجود ہے جس میں مطلوبہ ملک سے گھریلو ملازمین کے لیے ویزے کی درخواست اپ لوڈ کی جا سکتی ہے۔
نئی سروس کے تحت یہ لازم ہے کہ جس ملازم یا ملازمہ کے لیے ویزے کی درخواست دی جائے اس کی جملہ تفصیلات معلوم ہوں۔ ویزا ملازم کے نام سے جاری کیا جائے گا اسی لیے اس سروس کو ’معروفہ‘ یعنی واقف کا نام دیا گیا ہے۔
وزارت محنت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سروس کے تحت ویزے کی ابتدائی کارروائی سے لے کر ملازم کے سعودی عرب پہنچنے تک 45 دن کا وقت لگتا ہے۔ ماضی میں یہ کام کرنے کے لیے دو سے چھ ماہ لگ جاتے تھے جب کہ اس عمل پر اخراجات بھی کافی آتے تھے۔
نئی سروس میں ایجنٹ کی فیس ختم ہونے سے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ معروفہ سروس سے یہ اندیشہ بھی ختم ہو جائے گا کہ آنے والا ملازم کس نوعیت کا ہے۔
نئی سروس کے ذریعے انہی ملازمین کے لیے ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے جن کے بارے میں پہلے سے تمام معلومات میسر ہوں۔ عام طور پر گھریلو ملازمین منگوانے والوں کو مختلف نوعیت کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگ اس بات کے شاکی ہوتے ہیں کہ ملازمین ان کے معیار پر پورے نہیں اترے یا ملازمہ کچھ عرصے بعد ان کے پاس سے فرار ہو گئی۔ معروفہ نامی نئی سروس سے اس خدشے کا خاتمہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں مقیم وہ غیر ملکی جو اعلی پیشوں سے منسلک ہیں وہ اپنی ضرورت کے مطابق گھریلو ملازمین کے لیے ویزا حاصل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں