ضابطہ اخلاق کے بارے میں غیر مناسب ویڈیو بنانے والا گرفتار
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قابل دست اندازی پولیس ہے۔ فائل فوٹو ۔ عاجل نیوز
سعودی عرب میں گذشتہ ماہ ضابطہ اخلاق جاری کیا جا چکا ہے۔ ضابطے کی خلاف ورزی قابل دست اندازی پولیس قرار دی گئی ہے۔ ضابطے میں عوامی مقامات پر مناسب لباس کے ساتھ آنا اور دیگر اخلاقی امور کی حفاظت شامل ہے۔
مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ منظور ہونے والے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مملکت کے مشرقی ریجن میں ایک شخص نے اعتراض کرتے ہوئے ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا جس میں غیر مناسب زبان استعمال کرتے ہوئے ضابطے کے نکات پر اعتراض کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ شخص کی ویڈیو جس میں اس نے انتہائی غیر مہذب انداز میں گفتگو اور طنزیہ انداز اختیار کیا تھا وائرل ہونے پر قانون نافذکرنے والے ادارے نے اس کا نوٹس لے لیا۔
عرب روزنامہ المدینہ کے مطابق مشرقی ریجن کے پولیس ترجمان میجر بدر السحیبانی نے بتایا کہ مذکورہ ویڈیو جس میں انتہائی غیر مناسب الفاط استعمال کیے گئے تھے کے بنانے والے کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کی گرفتاری سے قبل اس کی شناخت کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے ملزم کی سوشل نیٹ ورک کی آئی ڈی ٹریس کر کے اس کے لوکیشن پولیس کو فراہم کی۔
میجر بدر کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد اس کا چالان پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کو بھیجا جائے گا جہاں سے مزید تحقیقات مکمل ہونے پر مقدمہ عدالت میں دائر ہو گا۔
واضح رہے مملکت میں گذشتہ ماہ ’ذوق العام‘ یعنی عوامی مقامات کی حفاظت اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کرکے اس کے متعددنکات کی وضاحت کی گئی تھی ۔
ضابطہ اخلاق میں عوامی مقامات پر سلیپنگ سوٹ ،غیر مناسب لباس پہنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ دیواروں پر نعرے اور عبارتیں تحریر کرننے کے علاوہ متعد د نکات کو شامل کیا گیا تھا جن پر عمل نہ کرنا خلاف قانون قرار دیا گیا ہے۔
ضابطے میں متعدد نکات کو شامل کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر قید اورجرمانے کی سزا کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔