’بھوکے‘ آرٹسٹ نے 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا کیلا کھا لیا
’بھوکے‘ آرٹسٹ نے 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا کیلا کھا لیا
اتوار 8 دسمبر 2019 14:53
اطالوی آرٹسٹ کا فن پارہ کچھ دن پہلے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ہونے والی آرٹ کی نمائش کے دوران ایک پرفارمنس آرٹسٹ نے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر مالیت کا ’فن پارہ‘ کیلا کھا لیا۔
میامی بیچ میں منعقد ہونے والے آرٹ بیسل شو کے دوران آرٹ گیلری پر ڈَکٹ ٹیپ سے چسپاں کیلا جب ڈیوڈ ڈاتونا نامی پرفارمنس آرٹسٹ نے اٹھا کر کھانا شروع کر دیا تو وہاں موجود شائقین دنگ رہ گئے۔
خیال رہے کہ یہ ’کیلا‘ جو ایک مشہور اطالوی آرٹسٹ کا فن پارہ ہے، کچھ دن پہلے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ یہ کیلا اطالوی آرٹسٹ موریزیو کیتلان کا شاہکار ہے جس کا نام انہوں نے ’کامیڈین‘ رکھا ہے۔
ڈیوڈ ڈاتونا کو ان کے انسٹا گرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ چلتے ہوئے گیلری کی وال پر لگائے گئے کیلے کے پاس پہنچتے ہیں، اور کیلے پر سے ڈکٹ ٹیپ ہٹا کر، اس کا چلکھا اتار کر کھانا شروع کر دیتے ہیں۔
کیلا کھاتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’پرفارمنس آرٹسٹ۔۔۔۔ بھوکا آرٹسٹ، شکریہ، بہت اچھا ہے۔‘
جونہی وہاں موجود شائقین ہنسنا شروع کر دیتے ہیں تو ایک گھبرایا ہوا گیلری کا افسر ڈیوڈ کو سائیڈ پر لے جا کر ان سے سوال جواب کرتا ہے۔ تاہم معاملہ بغیر کسی جھگڑے کے حل ہو جاتا ہے۔
میوزیم کے ڈائریکٹر لوسین ٹیرس نے میامی ہرالڈ کو بتایا کہ ڈیوڈ نے فن پارے کو تباہ نہیں کیا کیونکہ کیلا تو ایک آئیڈیا ہے۔
اخبار کے مطابق فن پارے کی اصل قیمت سرٹیفیکیٹ آف اتھنٹسٹی میں موجود ہے، اور کیلے کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
موریزیو کیتلان اپنے آرٹ کے نمونوں سے آرٹ کے مداحوں کو محظوظ کرتے رہتے ہیں۔ 2017 میں وہ 18 کیرٹ سونے کے ٹوئلٹ کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے۔