20 سےکم ملازمین والے اداروں کو ایک سعودی شہری بھرتی کرنا ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی وزارت محنت وسماجی فروغ نے صنعتی شعبے سے وابستہ غیر ملکی ملازمین کی فیسیں سرکاری خزانے سے ادا کرنے کے ضابطے جاری کر دیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت محنت نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’صرف ان اداروں کے ملازمین کی فیسیں سرکاری خزانے سے ادا کی جائیں گی جن کے پاس صنعتی لائسنس ہوگا اور جس میں سعودی ملازمین کی تعداد غیر ملکی ملازمین سے زیادہ یا برابر ہوگی۔‘
وزارت محنت نے کہا ہے کہ ’جن اداروں میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد سعودی ملازمین سے زیادہ ہے ان کی بھی فیسیں اس صورت میں معاف ہوسکتی ہیں جبکہ وہ ایک محدود مدت کے اندر اپنے ہاں سعودی ملازمین بھرتی کریں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’جن صنعتی اداروں میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد زیادہ ہے اور انہیں فیسیں معاف کروانی ہیں تو ایسے اداروں کے لیے سعودی ملازمین بھرتی کرنے کے آسان ضابطے مقرر کیے گئے ہیں۔‘
وزارت نے سعودی ملازمین بھرتی کرنے کے ضابطے واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر ادارے میں کل ملازمین کی تعداد 20 سے کم ہے اور اس میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے تو ایسی صورت میں ادارے کو سال میں ایک سعودی شہری کی اضافی بھرتی کرنی ہوگی۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’جن اداروں میں کل ملازمین کی تعداد 20 سے زیادہ ہے اور اس میں غیر ملکیوں کی تعداد سعودیوں سے زیادہ ہے تو ایسے ادارے کو سال کے دوران صرف پانچ فیصد سعودی ملازمین بھرتی کرنے ہوں گے۔‘
وزارت نے ایسے اداروں کی سہولت کے لیے کہا ہے کہ ’سعودی ملازمین کی بھرتی یکمشت کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہر تین ماہ میں مطلوبہ تعداد میں سے کچھ حصہ بھرتی کرنے سے بھی ادارہ فیسوں کی معافی کا حقدار ہو سکتا ہے۔‘