Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چمکیلی تو بس ایک ہی ہے‘

گلوکار ابرار الحق کا گیت اداکارہ مہوش حیات اور وی لاگر شہویر جعفری پر فلمایا گیا ہے
پاکستانی گلوکار ابرار الحق ’بلو کے گھر‘ جاتے جاتے ’چمکیلی‘ تک تو  پہنچ گئے لیکن ایک بار پھر ان کے نئے گانے پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
گلوکار ابرار الحق کے نئے گانے ’چمکیلی‘ کے خلاف لاہور کی ایک سول عدالت میں درخواست دائر دی گئی ہے جس میں درخواست گزار نے کہا ہے کہ گلوکار ابرار الحق نے اپنے نئے گانے ’چمکیلی‘ کی میوزک ویڈیو میں مردوں اور عورتوں کی تضحیک کی ہے۔
پاکستانی شادیاں ابرار الحق کے گانوں کے بغیر بے رونق لگتی ہیں۔ ان کا نیا گانا بھی ایک ویڈنگ سانگ کے طور پر متعارف کروایا گیا ہے، جس میں ’چمکیلی بارات لے کر آئی ہے‘، یعنی دلہا کے بجائے دلہن بارات لے کر آئی ہے جس کو درخواست گزار نے مردوں اور خواتین کی تضحیک قرار دیا ہے۔ 

ابرار الحق کا گیت ایک ویڈنگ سانگ کے طور پر متعارف کروایا گیا ہے

یہ گیت اداکارہ مہوش حیات اور وی لاگر شہویر جعفری پر فلمایا گیا ہے اور سات دسمبر سے یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا۔ اب تک اس کو 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ 
ابرار الحق اپنے پنجابی بھنگڑا سٹائل گیتوں کی وجہ سے بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں، ان کے کئی ہٹ گانے پنجاب کی خواتین کو پیار سے بلائے جانے والے ناموں پر ہیں، جیسا کہ ’بلو‘، ’پریتو‘، ’مجاجن‘ اور اب ’چمکیلی۔‘ ماضی میں اسی وجہ سے ان پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے اور انہیں اب ایک گیت ’نچ پنجابن نچ‘ کے بول تبدیل کر کے ’نچ مجاجن نچ‘ کرنا پڑے تھے۔ 
تاہم ان کی حالیہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی ملی ہے، اور ابرارالحق کے روایتی انداز کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ 

ابرار الحق کے پنجابی گانے شادیوں پر خاصے پسند کیے جاتے ہیں

ایک ٹوئٹر صارف حمنا کا کہنا تھا کہ میں یہ گانا سننے کے لیے بے حد خوش ہوں اور کیلنڈر پر تاریخ  پر بھی نشان لگا لیا ہے۔
کچھ صارفین نے اس گانے پر مایوسی کا بھی اظہار کیا۔ ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’سوچنا تو دور کی بات ہے میں خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا کہ ابرار الحق ایسا گانا بنائیں گے۔ مجھے یقین نہیں آ رہا۔‘
ٹوئٹر صارف ثانیہ کا کہنا تھا کہ ’ٓآپ کو یہ گانا سننے کے لیے اپنا ٹی وی چاہیے۔‘
حمزہ کا کہنا تھا کہ ’ابرار الحق نے چھکا مارا ہے، چمکیلی صرف ایک ہی ہو سکتی تھی اور وہ ہے مہوش حیات۔‘

شیئر: