دوسرے اداروں کو کارکنان عاریتا دینے کی مشروط اجازت
دوسرے اداروں کو کارکنان عاریتا دینے کی مشروط اجازت
پیر 23 دسمبر 2019 18:01
عملے میں غیر ملکی کارکنان 20 فیصد سے زیادہ نہ ہوں۔فوٹو: ٹوئٹر
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے صحت کے شعبے سمیت چار طرح کے اداروں کو اپنا عملہ دوسرے متعلقہ اداروں کو عاریتاً دینے کی مشروط اجازت دے دی۔
مکہ اخبار کے مطابق مشروط اجاز ت اس صورت میں دی جائے گی جب عملے میں غیر ملکی کارکنان 20 فیصد سے زیادہ نہ ہوں۔ دو سال کے دوران 12ماہ سے زیادہ کی مدت کے لیے عملہ عاریتاً نہ دیا جائے۔ دونوں ادارے ایک جیسا کام کررہے ہوں۔ جس ادارے کو 20 فیصد تک عملہ فراہم کیاجارہا ہے وہ مڈل گرین نطاق یا اس سے اوپر کے نطاق والا ہونا چاہیے۔
عاریتاً عملے کی فراہمی کا کام اجیر سسٹم کے مطابق انجام دینا ہوگا۔ پہلے اجیر سسٹم میں اندراج کرانا ہوگا۔عملہ فراہم کرنے والے ادارے کی جانب سے کارکنان کی خدمات کا معاہدہ تحریر کیا جا ئے گا۔
فائدہ اٹھانے والے ادارے کی جانب سے معاہدے کی منظوری ہوگی۔ اس کا اعلامیہ بھی جاری کرنا ہوگا۔
وزارت محنت نے چار طرح کے اداروں کو اپنا عملہ عاریتاً فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان میں صحت ادارے، فارمیسیاں، کھیتی باڑی اور تعمیرات کا شعبہ شامل ہے۔
وزارت محنت کے مطابق ایک صحت ادارہ دوسرے صحت ادارے کو اپنا عملہ ’اجیر‘ پروگرام کے تحت عاریتاً دے سکے گا۔ یہ سہولت صحت اداروں کے مسائل حل کرنے اور کسی بھی صحت ادارے کے پاس فاضل عملے سے دوسرے ادارے کو فائدہ پہنچانے نیز ملک میں موجود تربیت یافتہ معتبر عملے کی خدمات سے استفادے کے جذبے کے تحت دی جارہی ہے۔
وزارت محنت و سماجی بہبود نے اپنی ویب سائٹ پر اعلامیے میں بتایا کہ نجی صحت اداروں کو یہ سہولت اس وجہ سے بھی دی گئی ہے تاکہ انہیں قوانین محنت کی خلاف ورزیوں سے تحفظ حاصل ہوجائے۔
عملی طور پر صحت ادارے اپنا عملہ دوسرے صحت اداروں کو فوقتاً فوقتاً مہیا کرتے رہتے ہیں۔ بعض اوقات کئی ادارے اپنے عملے کا تبادلہ بھی کرتے ہیں۔
وزارت محنت نے اس فیصلے کے تحت چار بڑے ہدف مقرر کیے ہیں۔ اول یہ کہ سعودی لیبرمارکیٹ میں تجربہ کار عملہ اپنی خدمات انجام دیتا رہے اور صحت ادارے اس سے فائدہ اٹھائیں۔دوم لیبر مارکیٹ کی خلاف ورزیوں سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
سوم مطلوبہ کارکنان تک رسائی کو آسان بنانا اور اداروں کو تربیت یافتہ عملہ فراہم کرنے میں تعاون دینا اور چہارم قوانین محنت کی خلاف ورزیوں میں پھنسنے سے بچانا ہے۔