Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فہد پل موٹر سائیکلوں کے لیے کھل گیا

25 ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔ فائل فوٹو
سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل سے موٹر سائیکل سوار بھی یکم جنوری 2020 سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
فیس 25 ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔ بحرینی کرنسی میں ڈھائی دینار ایک طرف سے لیے جائیں گے۔
یکم جنوری کو صبح 8 بجے سے موٹر سائیکل سوار سعودی عرب سے بحرین اور بحرین سے سعودی عرب کنگ فہد پل کے راستے آ جا سکیں گے۔

 موٹر سائیکل سوار سلامتی کے ضوابط کی پابندی کریں۔ فائل فوٹو

سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ فہد پل جنرل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین عماد المحیسن نے بتایا ’موٹر سائیکل سے کنگ فہد پل کے ذریعے یکم جنوری 2020 سے آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی۔ دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں نے منظوری دے دی ہے۔‘
’موٹر سائیکل سوار کے پاس لائسنس اوردونوں ملکوں میں رائج قوانین و ضوابط کے مطابق نمبر پلیٹس نصب ہوں۔ موٹر سائیکل سوار روزانہ آجا سکیں گے تاہم موسم خراب ہونے کی صورت میں عارضی طور پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔‘
عمادالمحیسن نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل ڈرائیوروں کی امیگریشن کی کارروائی کے لیے باقاعدہ ایک لائن متعین کردی گئی ہے۔ سعودی عرب اور بحرین دونوں جانب اس کی سہولت مہیا ہوگی۔
کنگ فہد پل جنرل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی کہ وہ سلامتی کے ضوابط کی پابندی کریں۔ مناسب لباس اور ہیلمٹ کا استعمال کریں۔ آنکھوں کی حفاظت کا بھی اہتمام کیا جائے۔ امیگریشن کارروائی کے لیے مقررہ لین کی پابندی کی جائے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کنگ فہد پل کی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں نے مسافروں کی کارروائی تیزی سے نمٹانے کے لیے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔
 
               
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: