جانوروں کی صحت سرٹیفکیٹ کے بغیر منتقلی بھی خلاف ورزی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی وزارت ماحولیات نے حیوانات کے تحفظ اور بہبودکے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 29 افراد پر سترہ لاکھ ریال کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے خلاف ورزیوں کی تفصیلات واضح کرتے ہوئے بتاتے ہے کہ مختلف جانوروں کی باقیات سے تیار کردہ مصنوعات کو انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ طریقے سے فروخت کرنا اور جانوروں کی صحت کے سرٹیفکیٹ کے بغیر انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنابھی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے۔
جانوروں کے ساتھ بدسلوکی، ان کی صحت کے متعلق لاپروائی اور مناسب ماحول کی عدم فراہمی پر بھی جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق سب سے زیادہ 16خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ ریجن میں ریکارڈ کی گئیں جبکہ ریاض کے علاقے میں سات، تبوک میں دو اور عسیر، مدینہ منورہ ، حائل اور جازان میں ایک ایک خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔
وزارت نے ایسی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے میں خاص طور پر جانوروں کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے متعلق رپورٹ کرنے والوں کی تعریف کی۔
جانوروں کے نگران اداروں اور مالکان سے وزارت نے کہا ہے کہ وہ مروجہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔ وزارت ماحولیات نے عوام پر زور دیا کہ جانوروں پر ایسی کسی بھی زیادتی یا خلاف ورزی دیکھنے پر وزارت کو ٹال فری نمبروں پر اطلاع کریں۔
سعودی عرب کی خبریں جاننے کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں