ریاض شہرکے لیے بس ٹرانسپورٹ منصوبے کی 80فیصد مالک ساپٹکو ہے۔ فوٹو العربیہ
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی (ساپٹکو ) نے اعلان کیا ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں بس ٹرانسپورٹ منصوبہ 2020ءکی دوسری سہ ماہی کے دوران شروع کردیا جائے گا۔ اسے شاہ عبدالعزیز منصوبہ برائے پبلک ٹرانسپورٹ کا نام دیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض شہرکے لیے بس ٹرانسپورٹ منصوبے کی 80فیصد مالک (ساپٹکو) ہے۔ ساپٹکو کا کہناہے کہ ابھی اس سے متعلق اخراجات کی دقیق ترین شکل میں نشاندہی مشکل ہوگی۔ متعلقہ فریق ضروری اسکیموں کاجائزہ لینے کے لیے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ اخراجات کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔
ساپٹکو نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی کابینہ کے فیصلے کے بموجب ریاض ٹرین اورریاض بس نیٹ ورک منصوبے کی نگرانی اعلیٰ کمیٹی کررہی ہے۔ ریاض رائل کمیشن نے دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ کا جامع منصوبہ تیار کررکھا ہے۔
پروگرام کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت ریاض کے تمام طبقوں کو میسر ہوگی۔اس کا ایک اہم مقصد نجی گاڑیوں کا حد سے زیادہ استعمال روکنا اور پبلک ٹرانسپورٹ کو موثر شکل میں اس انداز سے نافذ کرنا ہے کہ دارالحکومت کے سماجی، اقتصادی ، ماحولیاتی اور ٹریفک حالات سے ہم آہنگ ہو۔