پرمٹ کے بغیر غیر ملکی خواتین کی ملازمت پر جرمانہ عائد
پرمٹ کے بغیر غیر ملکی خواتین کی ملازمت پر جرمانہ عائد
ہفتہ 4 جنوری 2020 6:04
نئے طریقہ کار میں’اجیرسسٹم ‘سے پرنٹ پیش کرنے کی پابندی لگائی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی انٹرنیشنل سکول یا نجی سکول نے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی بیگمات، بیٹیوں، بیٹوں یا شوہروں کو غیر قانونی طریقے سے ملازمت فراہم کی تو ایسی صورت میں فی غیر قانونی غیر ملکی ملازم پر 25 ہزار ریال جرمانہ لگایا جائے گا۔
الوطن اخبار کے مطابق وزارت تعلیم نے انٹرنیشنل اور نجی سکولوں میں تارکین وطن کے اہل و عیال کو ملازمت دینے کے لیے پانچ شرائط مقرر کی ہیں۔ علاوہ ازیں ’اجیرسسٹم‘ سے پرنٹ بھی پیش کرنے کی پابندی لگائی گئی ہے۔ جو لوگ قانونی طور پرانٹرنیشنل یا نجی سکول میں اپنے اہل و عیال کو ملازمت کرائیں گے انہیں نقل کفالہ (سپانسر شپ ٹرانسفر) کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عارضی ورک پرمٹ کی لاگت 1600ریال سالانہ ہوگی۔ فائل فوٹو
وزارت تعلیم نے انٹرنیشنل اور نجی سکولوں کو انتباہ دیا ہے کہ اگر ان میں سے کسی نے مقررہ شرائط میں سے کسی ایک کی بھی خلاف ورزی کی تو ایسی صورت میں غیر ملکی کے اہل و عیال کے لیے ملازمت کا اجازت نامہ منسوخ ہوجائے گا اور متعلقہ سکول کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
وزارت محنت و سماجی بہبود نے بتایا ہے کہ اگر کسی تارک وطن کے اہل و عیال میں سے کسی کو بغیر ورک پرمٹ کسی انٹرنیشنل یا نجی سکول نے ملازم رکھا تو اس سکول پر 25 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔
وزارت تعلیم نے تمام انٹرنیشنل اور نجی سکولوں کو خط لکھ کر تنبیہ کی ہے کہ وہ سب غیر ملکی تارک وطن کے عزیز کے ساتھ بارہ ماہ کے لیے ملازمت کا معاہدہ کرلیں اور اگر پہلے سے معاہدہ کر لیا گیا ہو تو آئندہ بارہ ماہ کے لیے اس کی تجدید کرلیں۔ اگر کسی بھی سکول نے اس کی خلاف ورزی کی تو ورک پرمٹ منسوخ کردیا جائے گا اور متعلقہ سکول کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
تارکین وطن کے اہل و عیال کی ملازمت کی شرائط
وزارت تعلیم اور وزارت محنت نے تارکین وطن کے اعزہ کے لیے ملازمت کی یہ شرائط مقرر کی ہیں
٭ غیر ملکی کے عزیز اور سکول کے درمیان بارہ ماہ تک ملازمت کا معاہدہ یا توسیع
٭ انٹرنیشنل یا نجی سکول غیر ملکی کے عزیز کے لیے وزارت تعلیم سے جاری کردہ خط ’اجیر‘ ویب پر پیش کرے۔
٭ غیر ملکی کے متعلقہ عزیز کا اندراج ’اجیر پروگرام‘ میں کرایا جائے اور پروگرام کی مقرر ہ شرائط کے مطابق غیر ملکی کے اہل و عیال کے لیے ورک پرمٹ حاصل کیا جائے۔
٭ غیر ملکی کے اہل و عیال میں سے کسی ایک کے لیے ورک پرمٹ جاری کرتے وقت اس بات کا لحاظ رکھا جائے کہ غیر ملکی کا اقامہ سکول میں ملازمت کے دورانیے تک موثر ہو۔
٭ مذکورہ شرائط میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی پر ورک پرمٹ منسوخ ہوجائے گا اور سکول کے خلاف کارروائی ہوگی۔
غیر ملکیوں کے اعزہ کے لیے عارضی ورک پرمٹ؟
سعودی حکومت نے انٹرنیشنل اور نجی سکولوں کو سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے اہل و عیال کی خدمات سے استفادے کے لیے عارضی ورک پرمٹ کی سہولت دے رکھی ہے۔ یہ ورک پرمٹ قانون محنت اور متعلقہ سرکاری اداروں کے قوانین و ضوابط کے تحت جاری ہوتا ہے۔
عارضی ورک پرمٹ کی لاگت؟
1600 ریال (ورک پرمٹ کا دورانیہ اجرا کی تاریخ سے ایک سال تک کے لیے موثر ہوگا)