Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنرل سلیمانی پر میزائل قطر سے داغا گیا‘

ایرانی حکام نے امریکہ سے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی فوج کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کرنے والا میزائل قطر سے اڑنے والے ڈرون سے داغا گیا تھا۔
عرب نیوز نے برطانوی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ قطر کے العدید ملٹری بیس سے اڑنے والے امریکی ڈرون نے دو ’ہل فائر ننجا میزائل‘ داغے۔
رپورٹ کے مطابق ایک میزائل سے قاسم سلیمانی جبکہ دوسرے سے مہدی المہندس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈرون کو ریاست نیواڈا میں امریکی ائیر فورس کی بیس سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔
بغداد میں ایرانی جنرل کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے ڈرون کی ناکامی کی صورت میں قطر کے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر سے ایک اور ڈرون بھی اڑایا گیا مگر اس کے استعمال کی ضرورت پیش نہ آئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت کم آواز پیدا کرنے والے ریپر ڈرون ایم کیو 9 کی صلاحیت ایک ہزار 850 کلومیٹر تک ہے اور یہ 15 ہزار میٹر کی بلندی پر اڑان بھر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو امریکہ کی جانب سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہو گئے تھے۔ 
ایران کے سرکاری حکام نے امریکہ سے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈرون ریاست نیواڈا میں امریکی ائیر فورس کی بیس سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے امریکی مفادات کو نقصان پہنچایا تو امریکہ اس کے جواب میں زیادہ سخت اور شدت کے ساتھ کارروائی کرے گا۔ 
امریکی صدر نے کہا کہ ان کے ملک نے فوجی سامان پر دو کھرب ڈالر خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے جنگی آلات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’ہم دنیا میں سب سے بڑے اور بہترین ہیں۔ اور اگر ایران نے کسی امریکی فوجی اڈے یا شہری پر حملہ کیا تو ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے نئے اور خوبصورت ہتھیار ان کے لیے روانہ کریں گے۔‘

شیئر: