Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی : گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے پر جرمانہ

اسمارٹ سسٹم کے ذریعے خلاف ورزیاں کرنے والوں کا ریکارڈ حاصل ہو گا (فوٹو: الامارات الیوم)
ابوظبی پولیس نے گاڑیوں کے مالکان پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھ کر چلیں۔ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس نے گاڑیوں کے درمیان مقررہ فاصلے کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے راڈار کی تنصیب شروع کردی ہے۔
15 جنوری 2020ء سے اسمارٹ سسٹم اور مختلف مقامات پر نصب راڈار کے ذریعے خلاف ورزیاں کرنے والوں کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔
ابوظبی میں محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد ضاہی الحمیری نے بتایا کہ ’ابوظبی پولیس اس حوالے سے آگہی مہم چلائے گی۔ بعض ڈرائیور شاہراہوں اور عام سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہیں رکھتے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اچانک حادثہ ہوجانے کی صورت میں متعدد گاڑیاں متاثر ہوتی ہیں۔ کبھی کبھی نہایت سنگین واقعات رونما ہوتے ہیں۔ اس قسم کے واقعات سے بچاؤ کے لیے ہی گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کا قانون بنایا گیا ہے‘۔ 
ابوظبی محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی ہے کہ گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے پر چار سو درہم جرمانہ ہوگا اور کار ڈرائیور کے خلاف چار ٹریفک پوائنٹ ریکارڈ کرلیے جائیں گے۔ 
ابوظبی پولیس اس کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دے گی۔ خلاف ورزی دہرانے پر نئے جرمانے کی تنبیہ بھی جاری کرے گی۔
 
محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر نے توجہ دلائی ہے کہ  آگہی مہم پانچ زبانوں میں چلائی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر بھی ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔ ڈرائیوروں کو گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنے کے خطرات اور نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا۔ 
 

شیئر: