Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنگامی امداد سے دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگی بچ گئی

مسجد نبوی کے سامنے واقع طبی مرکز زائرین کو24 گھنٹے خدمات فراہم کرتا ہے ۔فوٹو ، سبق نیوز
مدینہ میں طبی عملے کی بروقت اور ہنگامی امداد سے دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگی بچ گئی۔
زائرین کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث ان کی حرکت قلب اور سانس چند منٹ کے لیے بند ہو گئی تھی۔
مدینہ ریجن کے امور صحت کے ترجمان مئوید بن اسامہ نے ' سبق ' نیوز کو بتایاکہ مسجد نبوی کے قریب قائم ہنگامی طبی مرکز میں ایک  پاکستانی عمرہ زائر خاتو ن جن کی عمر 65 برس تھی کو لایا گیا جو  بے ہوش تھیں۔
خاتون کا طبی معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ انکی نبص ڈوب چکی ہے اور حرکت قلب بھی ساکت تھی۔ زائر خاتون کو فوری طور پر ہنگامی امداد فراہم کرکے مصنوعی طریقے سے ( سی پی آر )  حرکت قلب بحال کرنے کی کوشش جس میں 25 منٹ لگے ۔ 

سی آرپی ٹیکنیک کے ذریعے عمرہ زائرین کی حرکت قلب بحال کی گئی ۔ فوٹو ، سوشل میڈیا 

خاتون کی حرکت قلب بحال ہونے کے بعد ان کی سانس کی نالی میں مصنوعی ٹیوب ڈالی گئی تاکہ مریضہ کو سانس لینے میں دقت نہ ہو۔ مریضہ کی حرکت قلب بحال اور درکار ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ' احد جنرل اسپتال ' بھیج دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریجنل ترجمان صحت نے مزید کہا کہ  ہنگامی طبی مرکز میں ایک اور پاکستانی عمرہ زائر کو لایا گیا جن کی عمر 75 برس تھی وہ بے ہوش تھے ۔ طبی مرکزمیں موجود ڈاکٹروں نے فوری طور پر ان کا چیک اپ کیا تو معلوم ہوا کہ مریض بھی دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے انکی حرکت قلب بھی بند ہوگئی ہے۔
مذکورہ مریض کی بھی 20 منٹ تک سی پی آر ٹیکنیک کے ذریعے حرکت قلب بحال کرنے کی کوشش کی جس میں کامیابی حاصل ہوئی ۔بعدازاں انہیں بھی مدینہ منورہ کے جنرل اسپتال بھجوا دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔
سی آر پی ٹیکنیک میں مریض کے سینے پر مخصو ص انداز میں ہاتھ رکھ کر دبایا جاتا ہے اسی دوران انکا سر اٹھا کر انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دی جاتی ہے ۔
واضح رہے مدینہ میں مسجد نبوی کے سامنے ہنگامی طبی مرکز موجود ہے جہاں 24 گھنٹے طبی عملہ خدمات انجام دیتا ہے ۔ طبی مرکز میں ایمبولینس سروس اور ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی ادویات و آلات موجود ہوتے ہیں۔ 
ہنگامی طبی مرکز میں آنے والے مریضو ں کا علاج مفت کیا جاتا ہے۔ یہ مراکز وزارت صحت کے براہ راست طابع ہیں جہاں مختلف ممالک کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو متعین کیاجاتا ہے تاکہ وہ مریضو ں کو ان کی زبان میں سمجھا سکیں۔ 
معمولی مریضوں کو جو اس طبی مرکز میں آتے ہیں چیک اپ کے بعد درکار ادویات دے کر فارغ کر دیا جاتا ہے جبکہ وہ مریض جنہیں باقاعدہ علاج کی ضرورت ہوتی ہے انہیں شہر کے دوسرے بڑے اسپتالو ں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ 

شیئر: