عدالت نے نوجوان کو 5 برس قید، 50ہزار درہم جرمانے اورعدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو الامارات الیوم
دبئی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے۔ پوتے نے دادی جان کو جلا کر ہلاک کرنے کی کوشش کی۔ چیخ و پکار سن کر انہیں بچا لیا گیا، مگر یہ سوال اپنی جگہ پر بے حد اہم ہے کہ پوتے نے آخر ایسا کیوں کیا؟
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی اپیل کورٹ نے خلیجی شہری کو دادی کو جلا کر ہلاک کرنے کی کوشش کا الزام ثابت ہو جانے پر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
ابتدائی عدالت نے اسے 5 برس قید، 50 ہزار درہم جرمانے اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اپیل کورٹ نے اس میں تخفیف کر دی اور سزا 5 سال کے بجائے 3 سال دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔
اس عجیب و غریب واقعہ کی تفصیلات یہ ہیں کہ خلیجی نوجوان نے ایک دن اپنی دادی کو گاڑی میں بٹھایا۔ انہیں لالچ دی کہ وہ انہیں تحفہ دینا چاہتا ہے اور خواہش کا اظہار کیا کہ تحفے کا انتخاب دادی خود کریں۔
اس سے قبل اس نے اپنی گاڑی میں کئی گیس سیلنڈر رکھ لیے تھے جو مختلف حجم کے تھے۔ نوجوان، دادی کو ان کے پرانے گھر لے چلا گیا جو الوثبہ میں واقع ہے۔
خلیجی نوجوان نے گاڑی میں اگربتی جلانے والا لائٹر بھی رکھا ہوا تھا۔ آگ لگنے سے چند سیکنڈ قبل وہ گاڑی سے اترا اور گھر میں چلا گیا اور آگ لگنے کے کچھ ہی دیر بعد واپس آگیا۔ گاڑی سے انتباہی الارم کی آوازیں آنے لگیں۔
نوجوان کو خدشہ ہوا کہ کہیں پڑوسی نہ آجائیں اور اس کی سازش طشت از بام نہ ہوجائے۔ بہرحال اس نے آگ میں پھنسی اپنی دادی کو نکالا اور پولیس سے رابطہ کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ آگ حادثاتی طور پر لگی ہے۔
خلیجی نوجوان سے جب پوچھ گچھ ہوئی اور آگ لگنے کا راز سامنے آیا تو نوجوان نے تسلیم کیا کہ اس نے گاڑی میں آگ جان بوجھ کر لگائی تھی۔
پولیس کے لیے ابھی ایک اور معمہ یہ باقی تھا کہ آخر پوتے نے اپنی دادی کو نذر آتش کرنے کا گھناﺅنا فیصلہ کیوں کیا؟
نوجوان نے بتایا کہ اس کی دادی ہمیشہ اسے خوفزدہ رکھتی تھی۔ دھمکی دیتی رہتی تھی کہ میں جادو گر کے ذریعے تمہیں مرد سے عورت میں تبدیل کرادوںگی۔
نوجوان کا کہناہے کہ دادی کی یہ دھمکی میرے دل میں گھر کر گئی اور ایک دن میں نے طے کر لیا کہ دادی مجھے جادو کے ذریعے مرد سے عورت میں تبدیل کردیں، میں اپنی زندگی میں یہ وقت آنے سے قبل ہی ان کا کام تمام کر دوں۔