ائیر لائن کا کہنا ہے کہ تلاشی نہ دینے والے مسافر وں کو آف لوڈ کرنا پالیسی کے مطابق ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودیہ ایئر لائن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کی تلاشی لینا غیر قانونی امر نہیں اور مسافروں کو بھی تعاون کرنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو کے حولے سے ایئر لائن کے ذرائع نے مقامی روزنامہ 'عکاظ ' سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 'سول ایوی ایشن قوانین کے مطابق ایئر لائن کے عملے کو یہ حق ہے کہ وہ کسی بھی ایسے مسافرکو جہاز میں سوار کرنے سے روک دے جو قانون کے مطابق عملے کو تلاشی دینے سے انکار کرے۔‘
واضح رہے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو غیر معمولی طور پر وائرل ہوئی جو سوڈان کے شہر خرطوم انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تھی۔ وڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ طیارے میں سوار ہونے سے قبل ایک سوڈانی نے یہ کہہ کر تلاشی دینے سے انکار کر دیا کہ ایئر لائن کے عملے کو یہ اختیار نہیں کہ وہ مسافروں کی جامہ تلاشی لیں۔
وڈیو میں مزید دکھایا گیا تھا کہ عملے کے ارکان نے مسافرکو اس بات پر قائل کرنے کی کافی کوشش کی کہ تلاشی قانون کے مطابق ہے کوئی کام غیر قانونی یا انفرادی طور پر صرف اسکے ساتھ نہیں ہو رہا۔
مسافر اس بات پر بضد تھا کہ سکینگ گیٹ سے گزر کر جہاز تک آنے کے باوجود تلاشی کیوں لی جارہی ہے۔ مسافر کے مسلسل انکار پر جہاز کے گیٹ پر مسافروں کی قطار لگ گئی جس کی وجہ سے عملے کو گرائونڈ سکیورٹی والوں کو طلب کرنا پڑا جنہوں نے مسافر کو جہاز سے اتار لیا۔
اس ضمن میں سعودیہ ایئر لائن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافروں کو چاہئے کہ و ہ عملے کے ساتھ تعاون کریں ، جہاز کا عملہ مقررہ پالیسی پر عمل کرنے کا پابند ہے،ائیر لائن کی جانب سے متعدد ہوائی اڈوں پر جہاز پر سوار ہونے سے قبل مسافروں کی تلاشی لینے کا قانون ہے ،خلاف ورزی کرنے اور عملے کے ساتھ تعاون نہ کرتے ہوئے تلاشی نہ دینے والوں کو آف لوڈ کرنا بھی قانو ن کے مطابق ہے۔