Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مکانات کے کرائے کیوں کم ہو رہے ہیں؟

2020 کے دوران مکانات کے کرائے مزید کم ہوں گے۔فوٹو:سوشل میڈیا
سعودی عرب میں اضافی مکانات کی تعمیر کے باعث کرائے کم ہو رہے ہیں۔ وزارت آباد کاری کی جانب سے مقامی شہریوں کو مفت مکانات فراہم کرنے کی مہم کے ابتدائی اثرات سامنے آنے لگے۔
الشرق الاوسط کے مطابق 2019 کے دوران مکانات کی فروخت اور کرائے کا شعبہ بہت زیادہ متاثر ہوا۔
ماہرین نے توقع ظاہر کی کہ 2020 کے دوران سعودی عرب میں مکانات کے کرائے مزید کم ہوں گے۔

سال رواں مکانات کے کرائے 15 تا 20 فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے۔فوٹو:سوشل میڈیا

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سب سے زیادہ عروج ہاﺅسنگ کے شعبے کو ملا ہے۔ وزارت آباد کاری نے کرایوں کو منظم کرنے کے لیے ’ایجار‘ کے عنوان سے نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی۔
غیر منقولہ جائدادوں کا کاروبار کرنے والوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ سال رواں کے دوران مکانات کے کرائے 15 تا 20 فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے۔
کرایوں میںکمی مکانات کے حجم ، ان کی عمر ، ان کی پوزیشن اور کرایہ داروں کو مطلوب سہولتوں سے مکانات کے فاصلے کی بنیاد پر طے ہوگی۔
الاعمار ہولڈنگ کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل راشد التمیمی نے بتایا ’ جہاں یہ توقعات ہیں کہ مکانات کے کرائے کم ہوں گے۔ وہیں یہ رجحان بھی ابھرے گا کہ اسٹیٹ ایجنسیوں کے درمیان مکانات کو کرائے پر اٹھانے کے حوالے سے مسابقت بڑھے گی‘۔

وزارت آباد کاری نے کرایوں کو منظم کرنے کے لیے ’ایجار‘ ایپلی کیشن متعارف کرائی۔فوٹو:سوشل میڈیا

التمیمی کے مطابق ’ہر طرح کے مکانات کی طلب میں واضح کمی ریکارڈ کی جارہی ہے‘۔
’مکانات ہی نہیں دکانوں کے کرائے بھی متاثر ہورہے ہیں۔اس کے کئی اسباب ہیں۔ پہلا سبب تو وزارت آباد کاری کی مکان پالیسی ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مکانات کا مالک بنایا جارہا ہے‘۔ 
سعودی عرب کی تاریخ میں اتنے بڑے پیمانے پر مکانات کے مالک کبھی نہیں بنائے گئے ۔ دوسرا بڑا سبب تارکین وطن کا کثیر تعداد میں سعودی عرب سے رخصت ہونا ہے۔
غیر ملکی بڑی تعداد میں مکانات کرائے پر لیے ہوئے تھے۔ ان حالات میں مکانات کی تعداد بڑھ جانے اور طلب گھٹ جانے کی وجہ سے کرائے کم ہوتے چلے جارہے ہیں۔
 

شیئر: