ایک رپورٹ میں رعایتی ٹکٹوں کی سفارش کی گئی ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی شوریٰ کونسل میں نقل و حمل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمیٹی کی جانب سے ملک میں کام کرنے والے فضائی کمپنیوں کو سفارش کی ہے کہ معمر اور خصوصی افراد کے لیے کرایوں میں مزید رعایت دیں۔
مجلس شوریٰ کی متعلقہ کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ فضائی کمپنیاں معمر اور خصوصی افراد کو اندرون اور بیرون ملک سفر پر کرایوں میں رعایت دیں‘۔
مقامی جرید ے 'الریاض' نے شوریٰ کونسل میں نقل و حمل کی کمیٹی کی جانب سے جاری جائزہ رپورٹ میں پیش کی جانے والی سفارشات کے حوالے سے بتایا کہ ' فضائی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی خدمات کو مزید بہتربنانے کے لیے جہازوں کی مقررہ وقت پر دیکھ بھال کا خاص طور پر خیال رکھیں جس سے خدمات کا معیار مزید بہتر ہو گا'۔
جائزہ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’سول ایوی ایشن کے ادارے کو چاہیے کہ مکہ ریجن میں فضائی مسافروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے طائف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی توسیع کرے‘۔
طائف کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے حوالے سے کمیٹی کا کہنا تھا کہ ’حج سیزن میں دنیا بھرسے لاکھوں افراد کی آمد کے وقت جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر کافی رش ہو جاتا ہے جس سے اندرون ملک مقیم لوگوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘۔
’جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حج سیزن کے دوران رش کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ طائف ایئرپورٹ کو توسیع دی جائے تاکہ ٹریفک کو وہاں منتقل کیا جا سکے‘۔
واضح رہے کہ فضائی کمپنیوں کی جانب سے معمر اور خصوصی افراد کے لیے ٹکٹوں میں رعایت نہیں دی جاتی۔ طلبہ لیے دی جانے والی رعایت بھی ٹکٹوں کی مکمل قیمتوں پر ہوتی ہے۔
اس حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ ’فضائی کمپنیاں رعایت کے ضابطے کو ازسرنو مرتب کریں۔ جب سے ای ٹکٹنگ کا رواج ہوا ہے فضائی کرایوں کا تعین کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ماضی میں کرایے متعین ہوتے تھے۔ اب صورت حال اس سے قطعی مختلف ہے۔‘