Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’دکانوں کے باہر نو پارکنگ بورڈ خلاف قانون‘

ایک ہزار سے تین ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔فوٹو: سوشل میڈیا
مشرقی ریجن میں بلدیہ ترجمان کے مطابق دکانوں کے باہر’ نو پارکنگ‘کے بورڈ آویزاں کرنا خلاف قانون ہے۔
بلدیہ کی جانب سے دکانوں کے باہر لگائے گئے بورڈ ہٹانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
 عوامی پارکنگ پر نوپارکنگ کے بورڈز اتارنے کے لیے ر یجنل بلدیہ کی جانب سے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
 ویب نیوز’ اخبار 24 ‘ نے مشرقی ریجن میں بلدیہ کے ترجمان محمد الصفیان کے حوالے سے بتایا’ بعض دکانوں او ر مارکیٹ کے باہر  ' کسٹمرز کے لیے مخصوص ' کے بورڈز لگائے جاتے ہیں جو غلط ہے‘۔

بلدیہ کی جانب سے دکانوں کے باہر لگائے گئے بورڈ ہٹانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔فوٹو: سوشل میڈیا

’عوامی مقامات پر پارکنگ کرنے سے منع کرنے پر ایک ہزار سے تین ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ پارک کی جانے والی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کو بھی ادا کیاجائے گا ‘۔
 ترجمان نے مزید کہا’ دکانوں اور مارکیٹ کے باہر گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ کسی ایک کے لیے مخصوص نہیں بلکہ ہر شخص خالی جگہ پر گاڑی پارک کر سکتا ہے ۔سڑک پر یا دکانوں کے سامنے خالی پارکنگ کے مقامات عوامی مقام تصور کیے جاتے ہیں‘۔
’ ان مقامات کو نجی ملکیت کے طور پر استعمال کرنا غلط ہے ۔ اس پر ریجنل بلدیہ کی جانب سے کارروائی کی جاتی ہے‘۔
 بلدیہ کے ترجمان کا کہنا تھا’بلدیہ کے قانون کے مطابق کسی بھی تجارتی مرکز کو اس وقت تک لائسنس جاری نہیں کیاجاتا جب تک وہ وہاں آنے والے صارفین کی گاڑیوں کے لیے عوامی پارکنگ کے علاوہ پارکنگ کی جگہ فراہم نہیں کرتے‘ ۔
’عوامی مقامات کو مخصوص کر دینا قانون شکنی تصور ہوتی ہے۔ ایسا کرنے والے دکاندار یا مارکیٹ انتظامیہ کے خلاف بلدیہ کی جانب سے تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے‘۔
واضح رہے مختلف مارکیٹوں یا دکانوں کے باہر گاڑی پارک کرنے والی عوامی فٹ پاتھ یا سڑک کے کنارے ’ کاہگوں کے لیے مخصوص‘ پارکنگ کے بورڈ لگادیے جاتے ہیں۔
 جب ان مقامات پر کوئی شخص گاڑی پارک کرتا ہے تو دکاندار کی جانب سے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ یہ جگہ دکان کے سامنے ہے جو کسٹمرز کے لیے مخصو ص ہے۔

شیئر: