جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 8209پارکنگ کی جگہیں ہیں۔ فوٹو الوطن
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طویل وقفے کے لیے کار پارکنگ کی فیس تین ریال فی گھنٹہ کردی گئی۔ اس پر حالیہ ایام میں ناراضی کی لہر پھیلی ہوئی تھی۔ ایئرپورٹ جانے والوں نے شکوہ کیا تھا کہ طویل دورانیہ کی پارکنگ فیس فی گھنٹہ پانچ ریال زیادہ ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق ایئرپورٹ جانے والوں نے نئی فیس پر بھی بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لمبے وقفے والی پارکنگ کی فیس علامتی ہونی چاہئے۔ فی گھنٹہ تین ریال بھی زیادہ ہیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر طویل دورانیہ کی کار پارکنگ کا انتظام ہے۔ فائل فوٹو
کنگ فہد ایئرپورٹ دمام کے رابطہ انچارج محمد الھدلق نے بتایا کہ ہمارے یہاں پارکنگ فیس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ابتدائی 72 گھنٹے تک پارکنگ پر فی گھنٹہ دو ریال لیے جاتے ہیں اور اگر پارکنگ کا دورانیہ 72 گھنٹے سے تجاوز کر جائے تو ایسی صورت میں صرف ایک ریال فی گھنٹہ وصول کیا جاتا ہے۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سے ہوتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر محدود مدت والی پارکنگ کی فی گھنٹہ فیس 5 ریال ہے۔ یہ خارجی کاﺅنٹرز اور داخلی مشینوں کے ذریعے ادا کی جاسکتی ہے۔ سمارٹ کارڈز کے ذریعے بھی یہ فیس پیش کی جاسکتی ہے۔
جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 8209 پارکنگ کی جگہیں ہیں۔ فی الوقت 120 وی آئی پی اور 4100 مشرقی حصے میں ہیں۔ یہ کثیر منزلہ پارکنگ ہے۔ مغربی حصہ میں محدود المیعاد پارکنگ کے لیے 4100 ہیں۔ ابھی شروع نہیں کی گئیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر پارکنگ کے تین پیکیج جاری کیے گئے ہیں۔ ایک گھنٹہ اور اس سے کم کی پارکنگ فیس پانچ ریال، چوبیس گھنٹے تک فی گھنٹہ پارکنگ تین ریال ہوں گے۔ جبکہ دو دن کی فیس 120 ریال، تین دن پارکنگ فیس 144 ریال، ایک ہفتے کی پارکنگ فیس 216 ریال اور ایک ماہ کی کار پارکنگ فیس 768 ریال مقرر کی گئی ہے۔
محدود مدت والی پارکنگ کی فی گھنٹہ فیس پانچ ریال، ایک دن کی 120 اور ایک ہفتے کی 720 ریال متعین کی گئی ہے۔ اکنامک پارکنگ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ فی گھنٹہ پانچ ریال، فی دن 72 ریال اور فی ہفتہ 720 ریال لیے جائیں گے۔
ہوائی اڈوں پر پارکنگ کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ سعودی ہوائی اڈوں پر لمبی مدت کی پارکنگ مہیا ہی نہیں ہے۔ بنیادی ڈھانچہ تیار نہ ہونے کی وجہ سے یہ سہولت ناپید ہے۔
چھوٹے ہوائی اڈوں پر یہ مسئلہ زیادہ گمبھیر ہے۔ جگہ کم ہونے کی وجہ سے اس قسم کی پارکنگ کا وہاں کوئی امکان بھی نہیں ہے۔ لاگت بھاری ہونے کی وجہ سے ٹھیکیدار بھی اس قسم کا کوئی خطرہ مول نہیں لیتے ۔
پارکنگ امور کے ماہر نے توجہ دلائی ہے کہ ریاض ایئرپورٹ پر طویل دورانیہ کی کار پارکنگ کا انتظام ہے۔ ایئرپورٹ آنے جانے والے اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ البتہ لمبی مدت والی پارکنگ کے حوالے سے جائزہ بھی تیار کیاجارہا ہے۔ تجویز کیاگیا ہے کہ پہلے دن کی فیس 3ریال، دوسرے دن کی دو ریال اور تیسرے دن فی گھنٹہ پارکنگ فیس ایک ریال مقرر کی جائے۔
سلطان الشمری نے توجہ دلائی ہے کہ ہوائی اڈوں پر بنیادی ڈھانچہ تیار کیاجانا ضروری ہے۔ مسافروں کے لیے پارکنگ فیس مناسب حال ہونی چاہئے۔ فیس کمر توڑ نہ ہو۔