Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون ہلاک

پولیس نے امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس حکام کے مطابق امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو پمز ہسپتال منقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس نے حادثے میں نازیہ نامی خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’گاڑی پاکستانی ڈرائیور چلا رہا تھا جسے گرفتار کرکے واقعہ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘
ایف آئی آر کے مطابق اتوار کی صبح 10 بج کر 15 منٹ پر سفید رنگ کی لینڈ کروزر اور سوزوکی خیبر کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں خیبر گاڑی میں سوار نازیہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئییں۔ حادثے کی زد میں آنے والی گاڑی میں ایک ہی خاندان کے دو مرد، دو خواتین اور دو بچے سوار تھے جو اپنے  آبائی علاقے کوہالہ جارہے تھے۔
خیال رہے کہ 2018 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے فوجی اتاشی کرنل جوزف نے ٹریفک سگنل توڑ کر موٹر سائیکل سوار پاکستانی طالب علم کو اپنی گاڑی سے کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں  نوجوان ہلاک جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا تھا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست دائر کی تھی تاہم امریکی اتاشی سفارتی استثنی ملنے پر پاکستان سے امریکہ چلے گئے تھے۔
پاکستانی حکام نے طالب علم کی ہلاکت کے واقعے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

شیئر: