Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑیوں کےدرمیان فاصلہ نہ رکھنے پر178 چالان

گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ ہونا حادثات کا بڑا سبب بنتا ہے (فوٹو: امارات ٹوڈے)
متحدہ عرب امارات میں رواں ماہ کی 15 تاریخ سے 'گاڑیوں کے درمیان فاصلے ' کے قانون پرسختی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ۔ قانون پر عملدرآمد شروع کرنے کے محض چار دنوں میں 178 افراد کا چالان کیا گیا۔
ابوظبی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے مابین فاصلہ نہ رکھنے پر چالان کا قانون کئی برس سے موجود ہے تاہم 15 جنوری سے اس خلاف ورزی کو خود کار سسٹم میں فیڈ کیا گیا تھا۔

ٹریفک قوانین لوگوں کی سلامتی کے لیے بنائے جاتے ہیں  (فوٹو:  البیان اخبار)

اخبار امارات ٹوڈے کے مطابق بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ گاڑیوں کے مابین فاصلہ نہ رکھنا بھی ہے۔ اگر سامنے جانے والی گاڑی کا ڈرائیور کسی وجہ سے اچانک بریک لگاتا ہے تو پیچھے آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو اتنا وقت ملنا چاہئے کہ وہ سامنے والی گاڑی سے نہ ٹکرائے جس کے لیے ان کے مابین فاصلہ لازمی ہونا چاہئے۔
اماراتی ٹریفک پولیس نے رواں ماہ کی 15 تاریخ سے شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں ٹریفک رش زیادہ ہوتا ہے ایسے راڈار سسٹم نصب کر دیے جو گاڑیوں کے مابین فاصلوں کو ریکارڈ کرتا ہے۔
مقررہ حد سے کم فاصلہ رکھنے پر سسٹم خودکار سسٹم کے ذریعے گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے مالک کو خلاف ورزی پر چالان ارسال کردیا جاتا ہے۔
قوانین کے مطابق درمیانی فاصلہ نہ رکھنے والے ڈرائیوروں پر 4 سودرہم چالان کیا جاتا ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس میں منفی 4 پوائنٹس درج کر دیے جاتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر آگے جانے والی گاڑی بلا وجہ اپنے عقب میں آنے والی گاڑی کو راستہ نہ دیں تو ایسی صورت میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور خلاف ورزی کے مرتکب تصور کیے جائیں گے۔ ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین لوگوں کی سلامتی و حفاظت کے لیے مرتب کیے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے۔
شہر وں کی ایسی شاہراہیں جہاں ٹریفک کی آمد ورفت زیادہ ہوتی ہے وہاں حادثات کی بڑی وجہ گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنا ہوتا ہے اس لیے ڈرائیوروں کو چاہئے کہ وہ مذکورہ قوانین پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے اماراتی ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے درمیان فاصلے کا تعین مختلف شاہراہوں پر مقررہ حد رفتار کے علاوہ گاڑیوں کے رش کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ 

شیئر: