77سالہ شخص نے مقروض ہونے پربوگس چیک جاری کردیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں ایک خاتون ٹیچر کو اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش میں جیل کی ہوا کھانی پڑی۔
عکاظ اخبار کے مطابق اگر عدالت کسی کے مقروض ہونے کا فیصلہ سنادے اور مقروض اور اس کا مالی ضامن قرضہ ادا نہ کریں تو ایگزیکٹیو کورٹ مالی ضامن کو فیصلے پر عمل درآمد کا پابند بناتی ہے۔ پابندی نہ کرنے کی صورت میں اسے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے ایگزیکٹیو کورٹ کے فیصلوں نے سعودی عرب میں بہت بڑا سماجی مسئلہ پیدا کردیا ہے۔
ایک استانی نے اپنے شوہر کی مالی ضمانت لی تھی۔ بروقت رقم ادا نہ کرنے پر ایگزیکٹیو کورٹ نے شوہر اور بیوی کو جیل بھجوادیا۔ اسی طرح چیک اور نقدی مسائل کے باعث ایک 40 سالہ سعودی خاتون کو اس کے 77 سالہ باپ کے ساتھ جیل کی ہوا کھانی پڑرہی ہے۔
اخباری رپورٹ میں استانی کے المیے کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اس کے شوہر پر 30 لاکھ ریال کا مقدمہ تھا۔ ادا نہ کرنے کی وجہ سے عدالت نے اسے جیل میں ڈال دیا تھا ۔بیوی نے جو ایک سکول میں ٹیچر ہے اپنے شوہر کو رہا کرانے کے لیے اس کی ضمانت لے لی۔ وعدہ کیا گیا کہ تین ماہ کے اندر رقم ادا کردی جائے گی لیکن میاں بیوی دونوں مطلوبہ رقم مقررہ وقت کے اندر جمع نہیں کراسکے۔ ایگزیکٹیو کورٹ نے دونوں کو جیل بھجوا دیا۔
40سالہ سعودی خاتون کے جیل جانے کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ کئی برس سے مقروض ہے اور قرضے ادا نہ کرنے کی وجہ سے جدہ کی جیل میں قید و بند کی زندگی گزار رہی ہے۔
اس کے باپ نے جس کی عمر 77برس ہوچکی ہے اپنی بیٹی کی مالی ضمانت لی تھی مگر دونوں میں سے کوئی بھی مطلوبہ رقم بروقت ادا نہ کرسکا ۔ باپ کے ساتھ ایک اضافی مسئلہ یہ ہوا کہ اس نے بوگس چیک جاری کردیا تھا۔ بینک میں بیلنس نہیں تھا اس بنا پر باپ، بیٹی کو جیل جانا پڑ گیا۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 سالہ خاتون نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ وہ دیوالیہ ہوچکی ہے۔ اس کے والد بھی اسی زمرے میں ہیں اور دونوں میں سے کوئی بھی آٹھ لاکھ ریال سے زیادہ کی رقم ادا نہیں کرسکتا۔ عدالت نے ابھی تک دونوں میں سے کسی کے بھی دیوالیہ ہونے کے دعوے پر فیصلہ جاری نہیں کیا۔