Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئر انجینئر شھلا العزازی کون ہیں؟

شھلا نے 10 ماہ قبل سعودی ملٹری انڈسٹری اتھارٹی میں شمولیت اختیار کی، فوٹو المرصد
سعودی لڑکیاں ہر میدان میں قدم آگے بڑھا رہی ہیں۔ ایئر انجینئر شھلا صالح العزازی نے سعودی ملٹری انڈسٹری اتھارٹی کی سب سے کم عمر ملازم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق سعودی ملٹری انڈسٹری اتھارٹی نے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایئر انجینئر شھلا صالح العزازی کی تعارفی وڈیو جاری کی ہے۔
وڈیو میں شھلا العزازی بتاتی ہیں کہ ’وہ سعودی ملٹری انڈسٹری اتھارٹی میں ایئر انجینئر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے امریکہ سے ایرو سپیس انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
 شھلا کا کہنا ہے کہ ’ایرو سپیس انجینئرنگ کے ساتھ ان کے سفر کا آغاز امریکی یونیورسٹی کھلنے کے پہلے دن ہوا۔ پیر کا دن تھا۔ میں اسے کبھی بھلا نہیں سکتی۔ میں نے فیکلٹی کا انتخاب از خود نہیں کیا تھا بلکہ خود بخود ہو گیا تھا۔
یونیورسٹی میں سعودی طلبہ ناشتہ کر رہے تھے اور میں بھی وہاں شریک تھی۔ میرے سامنے میز پر بیٹھے ہوئے ہم وطن نے دریافت کیا کہ آپ کس فیکلٹی کی طالبہ ہیں؟ میں نے جواب دیا کہ ’ابھی تک کسی فیلڈ کا انتخاب نہیں کیا البتہ انجینئرنگ میں داخلہ لینے کا سوچ رہی ہوں۔‘
 شھلا بتاتی ہیں کہ میرا یہ جملہ سنتے ہی ہم وطن نے زوردار قہقہہ لگایا اور کہنے لگا ناممکن ہے جو آپ پہلے سال کا کورس بھی مکمل کر سکیں۔
بس یہی وہ لمحہ تھا جب میں نے اپنے دل اور دماغ میں یہ بات ٹھان لی کہ ایرو سپیس انجینئرنگ میں ڈگری لے کر دکھاﺅں گی۔
بالآخر میں نے داخلہ لے لیا اور ڈگری لے کر نہ صرف یہ کہ چیلنج دینے والے ہم وطن پر اپنی بات ثابت کر دی بلکہ میں نے خود سے بھی سرگوشی کرتے ہوئے کہا کہ ’ شھلا تم اگر کچھ کرنا چاہو تو کر سکتی ہو‘۔
شھلا نے مزید بتایا کہ ’سعودی ملٹری انڈسٹری اتھارٹی سے میرا تعلق 10 ماہ قبل قائم ہوا۔ خوش قسمتی سے مجھے اچھی ٹیم مل گئی۔ کم عمری کے باوجود ہماری ٹیم نے بہت سارے چیلنجز پورے کر لیے ۔ ہم 50 فیصد عسکری مصنوعات سعودی عرب میں تیار کرنے کا ہدف پورا کریں گے۔ یہ ہمارا مشترکہ عزم ہے‘۔                        
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: