روحیل کے مطابق جیت کے لیے کھلاڑیوں کو اپنے اعصاب پر قابو رکھنا ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں انڈیا کے ساتھ مقابلے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم ورلڈکپ جیتنے کے لیے آئی ہے اس لیے ہمارے لیے کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل اہم ہیں۔ ہمیں کم سے کم غلطیاں کرنی ہیں کیونکہ زیادہ غلطیوں کی صورت میں مخالف ٹیم فائندہ اٹھاتی ہے۔‘
پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں جاری انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو ہرا کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف انڈیا سے منگل کو ہوگا۔
پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ’انڈیا اور پاکستان کا میچ جب بھی ہوتا ہے تو پاکستان کے لوگ کھلاڑیوں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو جیتائیں گے اس طرح انڈیا میں بھی ہوتا ہے۔ تو اسی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کا میچ کچھ زیادہ اہمیت حاصل کر جاتا ہے۔‘
پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کے تمام لڑکے ذہنی اور جسمانی طور پر انڈیا سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ ٹیم میں کئی پلیئرز ایشیا کپ میں انڈیا سے کھیل چکے ہیں۔ ’انڈیا کی ایشیاکپ والی ہی ٹیم ہے صرف چند ایک تبدیلیاں کی گئی ہے اس لیے ہمیں معلوم ہے کہ انڈیا کی کمزروی اور طاقت کیا ہے۔ ‘
افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کے حوالے سے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے افغانستان کے خلاف کیچز ڈراپ کیے اور شروع میں بولنگ بھی اچھی نہیں کی جس کی وجہ سے مشکل پیش آئی۔
روحیل نذیر کے مطابق انڈیا کے خلاف جیتنے کے لیے کھلاڑیوں کو اپنے اعصاب پر قابو رکھنا ہوگا اور کم سے کم غلطیاں کرنا ہوں گی۔ ’جس طرح افعانستان کے خلاف کیچز ڈراپ کیے اس کو انڈیا کے خلاف نہیں دہرانا ہوگا۔‘
روحیل کے مطابق وکٹوں کے پیچھے سے فیلڈ پلیسنگ میں آسانی ہوتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں جو ٹیم غلطیاں کم کرے گی، اپنے اعصاب پر قابو رکھے گی اور مواقع سے فائدہ اٹھائے گی وہی جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کیونکہ ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہو گیا ہے اس لیے ہر پلیئر کا جذبہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ جو بھی ٹیم کے لیے اچھا کھیلتا ہے اس کا ایک نام بن جاتا ہے۔ ’سارے کھلاڑی چاہتے ہیں کہ وہ ٹیم کو جیتوائیں۔‘
روحیل کا مزید کہنا تھا کہ بطور کپتان وہ 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ دیگر کھلاڑی بھی ان سے سیکھیں۔ ’میں کیپگ اور بیٹنگ میں بھی اپنا پورا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وکٹوں کے پیچھے رہ کر فیلڈ پلیسنگ میں آسانی ہوتی ہے۔ چونکہ ٹیم کے کافی لڑکوں کے ساتھ کافی عرصے سے کھیل رہا ہوں اس لیے ٹیم میں ہم آہنگی زیادہ ہے۔‘
روحیل نے امید ظاہر کی کہ جس طرح انہوں نے ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف سینچری سکور کی وہ وہی پرفارمنس سیمی فائنل میں دہرانا چاہیں گے۔