بحرین میں21 قازقستانی لڑکیوں کی سمگلرز کے چنگل سے آزادی
بحرین میں21 قازقستانی لڑکیوں کی سمگلرز کے چنگل سے آزادی
جمعرات 13 فروری 2020 21:48
لڑکیوں کو ہوٹل میں ملازمت کے بہانے بحرین بلایا تھا (فوٹومزمز)
بحرینی پولیس نے قازقستان کی 21 لڑکیوں کو انسانی سمگلروں کے چنگل سے بچالیا۔ جسم فروشی کا دھندہ کرانے والے ایک گروہ نے انہیں انجانے میں پھنسا لیا تھا۔
قازقستان کی وزارت خارجہ نے یہ اطلاع ملنے پرکہ قازقستان کی لڑکیاں ایک غیر قانونی گروہ کے چنگل میں پھنس گئی ہیں بحرینی پولیس کو مطلع کرکے مدد طلب کی تھی۔
المرصد اور مزمز ویب سائٹ کے مطابق قازقستان کے دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ بحرین میں قازقستان کے سفارتخانے نے بحرینی پولیس کی مدد سے 21 قازق لڑکیوں کو انسانی سمگلروں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔
تفصیلات کے مطابق دھوکے بازوں کے ایک گروہ نے قازقستان کی لڑکیوں کو ہوٹل میں ملازمت کے بہانے بحرین بلایا تھا۔
منامہ پہنچنے پر ان کے پاسپورٹ چھین لیے اور انہیں جسم فروشی پر مجبور کیا گیا۔ انکار پر تشدد بھی کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق انسانی سمگلروں کے گروہ میں شامل تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتداءمیں قازق لڑکیوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ متعلقہ سرکاری ادارے ، انسانی سمگلروں سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ بحرینی حکام نے قازقستان کی لڑکیوں کو نفسیاتی مسائل سے نکالنے کے لیے سپیشلسٹ سینٹر میں منتقل کردیا ہے۔ جلد ہی انہیں ان کے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔