عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے مدینہ میں ’عنایہ‘ سینٹر
عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے مدینہ میں ’عنایہ‘ سینٹر
جمعہ 14 فروری 2020 14:52
عنایہ سینٹر میں عمرہ زائرین کے لیے 30 خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ فوٹو: وزارت حج
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مدینہ میں عمرہ زائرین اور عازمین حج کی سہولت کے لیے ’عنایہ ‘ پروگرام کے تحت دو مراکز کا افتتاح کیا گیا ہے۔
’عنایہ‘ کے عنوان سے وزارت حج کی زیر نگرانی شروع کیے جانے والے اس منصوبہ کا مقصد عمرہ زائرین اور حجاج کرام کو ایک ہی مقام پرتمام خدمات کی فراہمی ہے۔
وزارت حج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’مدینہ منورہ میں دو سینٹرقائم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک مسجد نبوی الشریف کے بالمقابل جنت البقیع کے ساتھ جبکہ دوسرا سینٹر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ پر قائم کیا گیا ہے۔‘
عنایہ مرکزکے قیام کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین اور عازمین حج کو بہترین خدمات مہیا کرنا ہے۔ مرکز میں آنے والے زائرین کی رہنمائی اور مدد کے لیے مختلف زبانیں بولنے والی کارکن خواتین کو بھی متعین کیا گیا ہے تاکہ زائرین اورعازمین حج کو زبان کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
لغات مختلفة للتواصل مع #ضيوف_الرحمن والعناية بهم..
وزارت حج کی زیر نگرانی کام کرنے والے عنایہ سینٹر کو محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات ) کے نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ عمرہ زائرین اور عازمین حج کی بہتر طور پر رہنمائی کی جاسکے۔
وزارت حج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں چار عنایہ سینٹر کام کر رہے ہیں، سینٹروں میں 30 قسم کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں 16 ڈیجیٹل سروسز جبکہ 14 خدمات کی فراہمی کے لیے کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے، وزارت حج دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو مزید بہتر خدمات فراہم کرنے لیے کوشاں ہے اس ضمن میں جلد ہی عنایہ سینٹرزمیں فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید 30 خدمات کا اضافہ کیا جائے گا جس کے ساتھ مجموعی طور پر فراہم کی جانے والی خدمات کی تعداد 60 ہوجائے گی۔‘
واضح رہے عنایہ کا مطلب دیکھ بھال، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا ہے۔ سینٹر کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین اور حج سیزن میں عازمین حج کوایک ہی چھت کے نیچے تمام درکار خدمات فراہم کی جاسکیں۔
اس سال سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے انشورنس اسکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ میڈیکل انشورنس سے درست طور پر استفادہ کے لیے آنے والے معتمرین کو چاہئے کہ وہ عنایہ سینٹر سے رجوع کریں جہاں سے انہیں تمام معلومات مہیا کرتے ہوئے انکی رہنمائی بھی کی جائے گی۔
عنایہ سینٹر میں اردو، ترکی، انگلش، عربی ، انڈونیشین کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والی کارکن خواتین کوبھی متعین کیا گیا ہے تاکہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین اپنے مسئلے کے بارے میں سینٹر کی انتظامیہ کو درست طور پر آگاہ کرتے ہوئے تسلی بخش معلومات حاصل کرسکیں۔
عام طور پر عمرہ زائرین انشورنس پالیسی سے بے خبر ہوتے ہیں، عنایہ سینٹرکے ذریعے انشورنس پالیسی کے بارے میں تمام ضروری معلومات کا حصول ہی نہیں بلکہ اس حوالے سے مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
سینٹر میں خودکار سروس کے تحت خصوصی کمپیوٹرائز مشینں بھی نصب کی گئی ہیں، خودکار سسٹم جوازات کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں جو فنگر پرنٹ کے ذریعےعمرہ زائرکا ڈاٹا پرنٹ کرنے کی صلاحیت کی حامل ہیں۔
خودکار سسٹم کے ذریعے عمرہ زائرین تمام اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں جن کے حصول کے لیے قبل ازیں سرکاری اداروں کے چکر لگانے پڑتے تھے۔