میزائل حملے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق سعودی شاہی فضائیہ نے یمن سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ حملہ جمعے کی صبح کیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’ایران نواز حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ بیلسٹک میزائل حملے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
کرنل المالکی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ’میزائل حملہ، جو ایران نواز حو ثیوں کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے، بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
ترکی المالکی نے مزید کہا کہ اتحادی افواج انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کررہی ہےتاہم ایران نواز حوثیوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔‘
’سعودی مسلح افواج اپنے وطن اور شہریوں کی حفاظت وسلامتی کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔‘