Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاندانی امور کونسل کے تحت بچوں کی مشاورتی کمیٹی کا قیام

کمیٹی میں گیارہ سے سترہ سال عمر کے 18 ارکان شامل ہیں (فوٹو: سعودی گزٹ)
سعودی عرب میں بچوں کے حقوق اور ضروریات سے متعلق خاندانی امور کونسل کی زیر نگرانی بچوں کی مشاورتی کمیٹی کا قیام عمل میں آیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب میں خاندانی امور کونسل کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہالہ التویجری کی زیرنگرانی ایک پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
بچوں کی مشاورتی کمیٹی کے قیام کے موقع پر گیارہ سے سترہ سال کے عمر کے بچے اور بچیاں کمیٹی کے ارکان کے طور پر اپنے سرپرستوں کے ہمراہ موجود تھے۔
اس کمیٹی کا مقصد مختلف سرگرمیوں میں بچوں کی شرکت کو یقینی بنانا اور انہیں اپنے خیالات کے اظہار میں مدد فراہم کرنا ہے۔

کمیٹی کا مقصد خاندانی امور کونسل کے وژن کو آگے بڑھانا ہے(فوٹو: ٹوئٹر)

اس موقع پر کمیٹی کے رکن بچوں اور بچیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی مشاورتی کمیٹی  ہے جس کا مقصد بچوں کے معاملات کی حمایت اور دیکھ بھال کرنے میں خاندانی امور کونسل کے وژن اور پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔
’ہماری کوشش ہو گی کہ مقامی سطح پر بچوں کے حقوق کے بارے میں آگہی، بچوں سے متعلق معاملات میں ان کی شرکت میں اضافے سمیت متعدد اہداف حاصل کیے جائیں تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ان سے متعلق معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔‘
خاندانی امور کونسل کے مطابق کمیٹی کے ذریعے بچوں کے مابین موثر رابطوں کے ساتھ مکالمہ میں مہارت، ان کو حقوق کے اظہار کے طریقوں سے واقفیت اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرائی جائے گی۔

کمیٹی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرائی جائے گی(فوٹو: ٹوئٹر)

اس کمیٹی میں معاشرے کے مختلف مکتبہ فکر اور طبقات سے تعلق رکھنے والے گیارہ سے سترہ سال عمر کے 18 ارکان شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بچوں کے حقوق کی بین الاقومی تنظیم یونیسف کے کے تحت  کنگ عبدالعزیز سنٹر برائے مکالمہ کے تعاون سے بچوں سے متعلق قواعد و ضوابط سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا۔
اس موقع پر کمیٹی کے ارکان نے وہاں موجود وزیر برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی احمد الراجحی اور وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے ملاقاتاتیں کیں۔
خاندانی امور کونسل کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہالا التویجری نے واضح کیا کہ یہ اقدام خاص طور پر نوجوانوں کی ترقی سے متعلق پروگرام میں سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے۔
اس سے بچوں اور نوجوانوں کو کم عمری میں ہی پالیسیاں بنانے اور مستقبل کی تبدیلیوں اور منصوبہ بندی میں رہنمائی کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر ہالا التویجری نے کونسل کے ساتھ تعاون کرنے پر سرپرستوں اور تعلیمی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی سعودی عرب میں بچوں کے معاملات کی دیکھ بھال کرنے میں اپنے عزائم اور اہداف حاصل کر لے گی۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: