’صدی کی ڈیل‘ کو مسترد کرتے ہیں: عرب لیگ
کہ ’امریکی منصوبہ عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور روح سے بھی میل نہیں کھاتا‘ ( فوٹو: سبق)
عرب وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد ہونے والے عرب لیگ کونسل نے فلسطینی اسرائیلی تنازعہ کے حل کے لیے امریکی منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عرب لیگ کے کونسل نے کہا ہے کہ ’صدی کی ڈیل کے نام سے معروف امریکی منصوبہ فلسطینی عوام کے حقوق کے کم سے کم معیار سے بھی عاری ہے‘۔
کونسل نے کہا ہے کہ ’امریکی منصوبہ عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور روح سے بھی میل نہیں کھاتا‘۔
کونسل نے اپنے اجلاس میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ’امریکی منصوبہ قابل التفات نہیں، اس کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہوگا‘۔
کونسل نے کہا ہے کہ ’امریکی منصوبے میں قضیہ فلسطین کی طرف سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے، اصل مسئلے کا سیاسی حل پیش کرنے کے بجائے اسے انسانی اور معاشی بنیادوں پر پیش کیا گیا ہے‘۔
کونسل نے کہا ہے کہ ’عرب ممالک اسرائیل کو خبردار کرتے ہیں کہ امریکی پشت پناہی اور حمایت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرے جنہیں عرب برداشت نہیں کرسکتے‘۔