Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کوورنا وائرس دنیا میں پھیلانے کا سبب بنا

سعودی عرب تمام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا چاہتا ہے (فوٹو گلف نیوز)
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے اور وبائی شکل میں دنیا بھر میں پھیلنے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا ہے۔
جمعرات کو ایک حکومتی عہدیدار نے ایران کے رویے کو ’غیرذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا  ’کورونا کی وبا کے باوجود ایران نے سعودی شہریوں کے پاسپورٹ پر بغیر کوئی سٹیمپ لگائے جانے دیا۔‘
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 107 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آزاد ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ تعداد زیادہ ہو سکتی ہیں کیونکہ ایسے الزامات بھی ایران پر لگتے ہیں کہ اس نے وبا کے حجم کے حوالے سے صورت حال چھپائی۔

یہ رویہ بین الاقوامی برادری کے صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ ہے(فوٹو عرب نیوز)

سعودی عرب میں پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں تین اکٹھے بحرین کے راستے ایران سے سعودی عرب آئے، جب کہ چوتھا کویت کے راستے لوٹا اور اسی سے اس کی بیوی متاثر ہوئی۔
سعودی حکومتی اہلکار کا کہنا ہے’یہ تمام باتیں ثابت کرتی ہیں کہ وائرس کے پھیلنے اور دنیا میں وبائی شکل اختیار کرنے کا براہ راست ذمہ دار ایران ہی ہے، اس رویے نے عالمی سطح پر صحت عامہ کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ بیماری سے نمٹنے کے لیے ہونے والی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور دنیا بھر میں بے شمار زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے‘
انہوں نے تمام سعودی ان تمام شہریوں جو حال ہی میں ایران سے لوٹے ہیں، پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر فون نمبر 937 پر کال کر کے وزارت صحت سے رابطہ کریں۔

ایران میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سات ہو چکی ہے(فوٹو ٹوئٹر)

وہ سعودی شہری جو اس وقت ایران میں موجود ہیں، مملکت واپسی پر فوری طور پر اپنے سفر کے بارے میں رپورٹ کریں۔
اگر ایران کے سفر کے حوالے سے وہ 48 گھنٹے میں رپورٹ دے دیتے ہیں تو وہ ’سفری دستاویز قانون‘ سے مبرا ہوں گے۔‘

وزارت صحت کے ایمرجنسی فون نمبر 937 پر فوری رابطہ کریں۔(فوٹو ٹوئٹر)

’ایران کا سفر کرنے والے تمام شہریوں کو کسی بھی قسم کے قانونی ایکشن سے بچنے کا موقع فراہم کر رہی ہے، مزیدبراں مملکت ان تمام لوگوں کے خاندان کے بچاؤ کے لیے پرعزم ہے جنہوں نے ایسے مقامات کے دورے کیے جہاں کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے‘

متاثرہ افراد کے خاندان کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں(فوٹو عرب نیوز)

بیان میں شہریوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ایران کا سفر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
حکومتی عہدیدار نے ایرانی حکام سے کہا کہ وہ ان سعودی شہریوں کے نام بھی سامنے لائیں جنہوں نے یکم فروری سے اب تک ایران کا خفیہ سفر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی شہریوں کی جانب سے ایران کے سفر کی رپورٹ پیش نہ کرنے اور قیام کے دوران وائرس سے متاثر ہونے کا ذمہ دار ایرانی حکام کو ٹھہرایا جائے گا۔

شیئر: