کراچی: زہریلی گیس سے درجنوں افراد متاثر
فیکٹری انتظامیہ کے مطابق لوگوں کو قے اور متلی کی شکایت ہوئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب واقع فیکٹری اینگرو کیمیکلز میں گیس کے اخراج سے کم از کم 70 افراد کی حالت غیر ہوگئی ہے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق 55 افراد کو ابتدائی طبی امداد دے کر فوراً ہی ڈسچارج کر دیا گیا تھا جبکہ 15 افراد تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ان سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سیمی جمال کے مطابق ان افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا لہٰذا انہیں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔
اینگرو کیمیکلز کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات تصدیق کی گئی ہے کہ فیکٹری میں گیس کا اخراج ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو قے اور متلی شکایت ہوئی انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق فیکٹری کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے متعدد افراد متاثر ہوئے تھے۔
متاثرین کا کہنا تھا ’پورٹ پر کنٹینر سے زہریلی گیس کا اخراج ہوا۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے بندرگاہ پر کسی بحری جہاز سے کیمیکل نکالنے کے دوران ہوا میں گیس شامل ہوئی۔ علاقے سے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔‘
کراچی پورٹ ٹرسٹ اتھارٹی کے مطابق ’بندرگاہ پر کوئی ایسا جہاز لنگرانداز نہیں جس میں کوئی کیمیکل ہو یا جہاں سے گیس کا اخراج ہوا ہو۔‘