Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم پاکستان پریڈ، سعودی دستہ حصہ لے گا

یوم پاکستان کی تقریبات میں سعودی دستہ تیسری مرتبہ شرکت کرے گا(فوٹو عرب نیوز)
پاکستان میں 23 مارچ کے قومی دن پر ہونے والی فوجی پریڈ میں سعودی عرب کا فوجی دستہ بھی شرکت کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق 79ویں یوم پاکستان کی تقریبات کے موقعے پر ہونے والی فوجی پریڈ میں یکجہتی کے طور پر سعودی عرب  کا فوجی دستہ بھی شامل ہوگا۔
یوم پاکستان کا دن 23 مارچ 1940 کو مسلمانوں کی جانب سے الگ اسلامی ملک کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد پاکستان کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقیں بھی کثرت سے کرتے ہیں (فوٹو: سعودی گزٹ)

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سرکاری ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی بری فوج کے 50 کمیشنڈ اور نان کمیشنڈ آفیسر اس میں شرکت کریں گے۔
اس تقریب میں شرکت کے لیے 10 پیرا ٹروپر بھی بھیجے جائیں گے۔
یہ تیسرا موقع ہے کہ سعودی عرب کا دستہ یوم پاکستان کی فوجی پریڈ میں شرکت کرے گا۔ اس سے قبل 2017 اور 2019 میں ہونے والی اس خصوصی دن کی تقریبات میں شامل ہوچکا ہے۔

بری فوج کے 50 کمیشنڈ اور نان کمیشنڈ آفیسر  شریک ہوں گے (فوٹو: العربیہ)

یوم پاکستان کی پریڈ کے دوران پاکستانی افواج کی جانب سے  ٹینکوں، میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مضبوط دفاعی تعاون کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقیں بھی کثرت سے کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے ایک فوجی دستے نے پاکستان میں نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) کھاریاں کینٹ میں ہونے والے مقابلوں میں آرمی ٹیم سپرٹ (پی اے ٹی ایس) کے مقابلوں میں حصہ لیا اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

تقریب میں شرکت کے لیے 10 پیرا ٹروپر بھی جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

گذشتہ ہفتے 2 مارچ کو سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور  وزیراعظم عمران خان اور پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں سٹریٹجک تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: