پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے میدان مار لیا، کوئٹہ کو شکست
پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا ٹاکرا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ فائیو کے پانچویں ایڈیشن کے 21 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا دیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 99 رنز کا آسان ہدف دیا تھا۔
فخر زمان اور سہیل اختر کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور بین ڈنک وکٹ پر موجود رہے اور ان کی 69 رنز کی پارٹنرشپ لاہور کو فتح کے قریب لے گئی۔
سمت پٹیل کو گلیڈی ایٹرز کی چار اہم وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کوئٹہ کے محمد نواز بیٹنگ میں تو کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن انہوں نے اپنے دوسرے ہی اوور میں فخر زمان کو کلین بولڈ کر دیا جو 20 رنز ہی بنا سکے۔ میچ کے چوتھے اوور میں محمد نواز نے سہیل اختر کو بھی آؤٹ کر دیا۔
کوئٹہ کی بیٹنگ لاہور کے بولرز کے سامنے بری طرح فلاپ ہوئی۔ شین واٹسن کو شاہین آفریدی نے اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ کر دیا۔ احمد شہزاد بھی آٹھ رنز بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں پویلین کو لوٹ گئے۔
کوئٹہ کے تیسرے بلے باز کپتان سرفراز احمد بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے اور وہ صرف ایک رن بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ پانچ اوورز کے کھیل تک کوئٹہ کی چوتھی وکٹ سمت پٹیل نے جیسن روئے کو آؤٹ کر کے گرائی جو صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔
چھٹے اوور میں سمت پٹیل نے اعظم خان اور بین کٹنگ کو یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ دکھائی۔ 13 ویں اوور میں راجہ فرزان نے محمد نواز کی وکٹ لی جنہوں نے 26 گیندوں پر صرف 10 رنز بنائے۔ گلیڈی ایٹرز کی آٹھویں وکٹ بھی راجہ فرزان نے فواد احمد کو آؤٹ کر کے لی۔ سلمان ارشاد نے سہیل خان کو آؤٹ کر کے کوئٹہ کی نویں وکٹ گرائی۔
قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
دونوں ٹیموں نے پی ایس ایل فائیو میں اس سے قبل ایک میچ کھیلا ہے جس میں کوئٹہ نے قلندرز کو 37 رنز سے ہرا دیا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو کوئٹہ چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ لاہور چار پوائنٹس حاصل کر کے چھٹے نمبر پر ہے۔ گلیڈی ایٹرز نے آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین جیتے ہیں۔ قلندرز نے اب تک چھ میچز میں سے دو میچز جیتے ہیں۔
پی ایس ایل کا سفر
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب غیر ملکی ٹیمیں اور کھلاڑی امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکاری تھے۔ اس لیے ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارت کے شہروں شارجہ اور دبئی میں کھیلا گیا تھا۔
تاہم دوسرے ایڈیشن سے ٹورنامنٹ کی بتدریج پاکستان منتقلی کا آغاز ہوا۔ 2017 میں پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
2018 میں ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان میں ہوئے جن میں دو پلے آف اور فائنل میچ شامل تھے۔ گذشتہ سال پی ایس ایل فور کے آٹھ میچز پاکستان میں ہوئے۔
پی ایس ایل کا انعام
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پی ایس ایل فائیو کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملے گی، جب کہ پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم دو لاکھ ڈالر وصول کرے گی۔