Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی مذہب پر یقین نہیں رکھتا: اکشے کمار

اکشے کمار کا کہنا ہے کہ وہ صرف انڈین ہونے پر یقین رکھتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ سٹار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب پر یقین نہیں رکھتے۔ ’میرے خیال سے صرف ایک ہی مذہب ہے اور وہ ہے انڈین ہونا۔‘
اکشے کمار کے مطابق انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’سوریا وانشی‘ میں بھی انہی جذبات کا اظہار کیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ انڈین ہونے کا نظریہ پارسی، ہندو یا مسلمان ہونے کی بنیاد پر نہیں ہے، ’کیونکہ میرا یہ نظریہ مذہب کی بنیاد پر ہے ہی نہیں۔‘
اکشے کمار کے مطابق ’سوریا وانشی‘ میں دنیا کو مذہب کی عینک سے نہیں دیکھا گیا ہے۔ ’میں کسی مذہب پر یقین نہیں رکھتا صرف انڈین ہونے پر یقین ہے اور فلم میں بھی اس بات کو دکھایا گیا ہے۔‘
جب اکشے سے پوچھا گیا کہ کیا فلم حالیہ دنوں میں انڈیا میں ہونے والے مذہبی فسادات سے متعلق ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ صرف اتفاق ہے، ہم نے جان بوجھ کر یہ فلم نہیں بنائی لیکن اس کی کہانی انڈیا کے حالیہ حالات سے بہت زیادہ مماثلت رکھتی ہے۔
فلم میں 52 سالہ اداکار ایک پولیس افسر ویر سوریا وانشی کا کردار ادا کر رہے ہیں جن کو ممبئی کو دہشت گردوں کے حملے سے بچانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
بطور اداکار لوگ توقع کرتے ہیں کہ آپ معاشرے کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاہم اکشے کا کہنا ہے کہ ان کا کام اخلاص کے ساتھ کردار کو نبھانا ہے چاہے اچھا ہو یا برا۔

اکشے کمار اور کرینہ کپور متعدد فلموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اکشے کمار نے کہا کہ ’ہر فلم میں مثبت اور منفی کردار ہوتے ہیں کیونکہ یہ فلم کا حصہ ہوتے ہیں اور اِن سے ہی مل کر ایک فلم تشکیل دی جاتی ہے۔
’ہم فلم بناتے ہیں جس میں منفی اور مثبت کردار دونوں ہوتے ہیں۔ میں صرف ایک کردار ادا کرتا ہوں۔ فلم بینوں کو سمجھ ہوتی ہے کہ فلم سے کیا لیا جائے منفی یا مثبت۔‘
انڈین اداکار نے اپنی فلم کے ہدایتکار روہیت شیٹی کے حوالے سے کہا کہ انہیں روہیت کے ساتھ کام کر کے بہت خوشی ہوئی۔

فلم میں اکشے پولیس افسر ویر سوریا ونشی کا کردار ادا کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

’میں روہت کو اُس وقت سے جانتا ہوں جب وہ ایک اسسٹنٹ تھے اور آج وہ ایک کامیاب ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔ مجھے اور روہت دونوں کو ایکشن اور کامیڈی فلمیں پسند ہیں اس لیے ان کے ساتھ پراجیکٹ کرنے میں مزہ آیا۔‘
اِس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ کترینہ کیف، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ بھی نظر آئیں گے اور اُن کی یہ فلم رواں ماہ 24 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: