مکہ مکرمہ ریجن کی تحصیل البیضامیں پیر کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ کوئی نقصان نہیں ہوا۔
سبق اور مزمز ویب سائٹس کے مطابق البیضاکے مقامی شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں نے مکہ مکرمہ ریجن کے مشترکہ سیکیورٹی آپریشن سینٹر سے رابطے کرکے اطلاع دی کہ پیر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔
جیو لوجیکل سروے بورڈ کے نمائندے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ’ مکہ مکرمہ کی البیضا تحصیل میں زلزلے کی شدت دو درجے کی رہی۔ یہ معمولی نوعیت کا زلزلہ تھا ۔ شہری دفاع کے اہلکارو ں نے علاقے کا دورہ کیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہناہے کہ البیضاکے تمام شہری اور مقیم غیر ملکی محفوظ ہیں۔ کوئی نقصان نہیں ہوا۔
البیضا تحصیل مکہ مکرمہ شہر سے 55 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ہیلتھ سینٹر کھلا ہوا ہے۔پرائمری، مڈل اور ثانوی کے سکولوں کے علاوہ ڈاک سروس بھی مہیا ہے۔
المدینہ اخبار کے مطابق البیضامکہ مکرمہ کے جنوب میں پرانے طرز کا قصبہ تھا اب عصری سہولتوں سے آراستہ جدید ترین علاقہ بن گیا ہے۔