سعودی عرب میں کورونا کے 24 نئے کیسز
جمعرات 12 مارچ 2020 10:30
ایک مصری وزٹر کے باعث 21 افراد کو کرونا وائرس منتقل ہوگیا ہے ( فوٹو: البیان)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 24 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 21 مصری تارک وطن ہے جبکہ ایک 12 سال کی لڑکی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق 21 مصری تارکین کو وائرس اپنےایک ہم وطن سے میل جول رکھنے پر منتقل ہوا ہے۔
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں کے انکشاف کے بعد سعودی عرب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے‘۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں میں سے ایک مرد اور ایک خاتون شہری ہیں جو عراق سے واپس آئے ہیں‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’تیسری مریضہ ایک 12 سالہ سعودی لڑکی ہے جسے قطیف میں اپنے دادا سے میل جول رکھنے سے وائرس منتقل ہواہے۔ وہ ان مریضوں میں سے ہیں جو ایران سے آئے ہیں‘۔
وزار ت نے کہا ہے کہ ’کل بدھ کو جس مصری مریض کا اعلان ہوا تھا، وہ سعودی عرب میں وزٹ ویزے پر آیا تھا، اپنے ہم وطنوں سے میل جول رکھنے پر اس نے 21 افراد کو وائرس منتقل کر دیا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے تمام مریضوں کو قرنطینہ میں بالکل الگ رکھا گیا ہے، ان کا علاج جاری ہے‘۔