آگ امیر سلطان سٹریٹ پر واقع ریستوران میں لگی(فوٹو مزمز)
جدہ میں جمعہ کوامیر سلطان سٹریٹ پر واقع ریستوران میں آگ لگنے سے بھاری نقصان ہوا ہے- شہری دفاع کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا-
اخبار 24 کے مطابق آگ عمارت کی تیسری منزل میں واقع ریستوران میں لگی تھی- شہری دفاع کے اہلکاروں نے آگ لگنے اور اسے بجھانے کی کوششوں سے متعلق تصاویر میڈ یا میں جاری کی ہیں-
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریستوران میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ شہری دفاع کے اہلکار اسے بجھانے کے لیے تیسری منزل پر پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں-
آگ کے شعلے خوفناک منظر پیش کررہے تھے جبکہ ریستوران سے دھویں کے بادل اٹھ رہے تھے-
المرصد کے مطابق صارفین نے ریستوران میں آگ لگنے کی اطلاع تصاویر سمیت وڈیو سوشل میڈیا پرشیئر کیں-
آگ سے متاثرہ ریستوران کے اطراف کئی قہوہ خانے اور ریستوران واقع تھے- شہری دفاع کے اہلکاروں نےآگ کا دائرہ آس پاس کے ریستورانوں اورقہوہ خانوں تک پہنچنے سے روک دیا-
مکہ مکرمہ ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے بتایا کہ ریستوران السلامہ محلے میں ہے- چارسو مربع میٹر کے رقبے میں آگ لگی تھی -
ریستوران کا رقبہ دو ہزار میٹر کے لگ بھگ ہے- آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا-