تجارتی سامان اور کارگو کے جہازوں کو استثنی ہوگا(فوٹو موانی)
سعودی پورٹ اتھارٹی (موانی) نے کورونا کے شکار ممالک سے سعودی عرب کے لیے سمندری سفر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پورٹ اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی عرب آنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے ضابطوں کا اعلان کیا جارہا ہے‘۔
بندرگاہ اتھارٹی کے بیان میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ’ پاکستان سمیت امارات، کویت، بحرین، عمان، عراق، لبنان، شام، مصر، جنوبی کوریا، چین، یورپی یونین، انڈیا، ترکی، اریٹریا، سری لنکا، ایتھوپیا، کینیا، سوڈان اور دیگر ممالک سے مسافر بردار جہازوں پر پابندی ہے‘۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’مذکورہ ممالک سے تجارتی سامان اور کارگو کے جہازوں کو استثنی ہوگا‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ممالک کی طرف سعودی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کے سفر کے علاوہ ان ممالک سے سمندری جہازوں کی آمد بھی روک دی گئی ہے‘۔
بندرگاہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ’یہ پابندی ان مسافروں پر لاگو ہے جو ان ممالک سے گزرے ہیں یا ان میں گذشتہ 14 دن کے دوران قیام کیا ہے‘۔
ادارہ نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت کے تعاون سے بندر گاہ کی تمام ذیلی عمارتوں اور دفاتر میں جراثیم کش ادویہ کا استعمال جاری ہے‘۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ملک کی تمام بندر گاہیں دیگر اداروں کی طرح کورونا وائرس کے انسداد کے لیےاپنا کردار ادا کر رہی ہیں‘۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں