ریاض میں سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک ’کووڈ19‘ کے سب سے زیادہ مریض ریاض میں ہیں جن کی تعداد 587 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مکہ ہے جہاں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد 363ہے۔
یاد رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق 2 مارچ کو ہوئی تھی جو ایران سے براستہ بحرین مملکت پہنچا تھا۔
مذکورہ شخص نے سرحدی چیک پوسٹ پرمتعین اہلکاروں کو اپنے ایران سفر کے بارے میں مطلع نہیں کیا تھا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 میں مبتلا مریضوں میں تیسرے نمبر پر جدہ ہے جہاں اب تک 256 مریضوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
سعودی عرب میں کورونا کے مرض میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد 1885 ہے جن میں سے 1536 میں وائرس ’ایکٹو‘ پایا گیا جبکہ اب تک 328 افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
صحتیاب ہونے والوں میں مکہ میں 102، جدہ میں 88، ریاض میں 53، دمام میں 27، نجران میں 14، طائف میں 11، قطیف میں 10اور جازان میں سات جب کہ دیگر شہروں میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد 16 ہے۔
دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’کورونا کے مرض میں مبتلا ہونے والے بیشتر مریض وہ ہیں جو باہر سے آنے والوں کے ساتھ میل جول رکھے ہوئے تھے جن کی وجہ سے ’کووڈ 19‘ کا وائرس انہیں بھی متاثر کرگیا۔
لوکل کیرئر کا شکار ہونے والوں کا تناسب 70 فیصد ہے جب کہ باقی 30فیصد وہ ہیں جو بیرون ملک سے وائرس کا شکارہوئے تھے۔
واضح رہے 2مارچ کو پہلے مریض کی تصدیق ہوئی بعدازاں 17مارچ سے یومیہ کی بنیاد پر کورونا میں مبتلا مریضوں کی تصدیق ہوتی رہی ۔
2 اپریل 2020 تک سعودی عرب میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 1885 تک پہنچ گئی جب کہ 21 افراد اس مرض سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو باربار اس امر کی تاکید کی جارہی ہے کہ اپنی اور اہل خانہ کی حفاظت وسلامتی کے لیے گھروں پر رہیں۔
کرفیو میں وقفے کے دوران بھی گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔ اشد ضرورت کے بغیر گھروں سے نہ نکلا جائے خاص کر بچوں کو معمر افراد کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکالیں۔ ہاتھوں کو مسلسل صابن سے دھوتے رہیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔