طائف، دمام اور القطیف‘ میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ
طائف، دمام اور القطیف‘ میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ
جمعہ 3 اپریل 2020 9:48
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا گیا ہے: فوٹو اے ایف پی
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کرتے ہوئے ملک کے تین مزید شہروں میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ آج دوپہر تین بجے سے نافذ العمل ہو گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’دمام شہر اور طائف اور القطیف کی کمشنریوں میں کرفیو کے اوقات سہ پہر تین بجے سے شروع ہوں گے جو تاحکم ثانی جاری رہیں گے۔'
واضح رہے اس سے قبل مذکورہ علاقوں میں کرفیو کے اوقات شام سات سے صبح چھ بجے تک تھے جس میں جمعے، تین اپریل سے اضافہ کردیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ادارے اور کارکن جو کرفیو کی پابندی سے مستثنیٰ ہیں حسب سابق اپنی ذمہ داریاں اسی طرح ادا کرتے رہیں جیسے پہلے کر رہے تھے۔
کرفیو کے اوقات میں اضافہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ معاشرے سے اس وبائی مرض کو جلد از جلد ختم کیا جاسکے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کرفیو اوقات کی پابندی کرنا ہر ایک کا فرض ہے خلاف ورزی کرنے والوں کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس حوالے سے وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے مرض نے مملکت سمیت دنیا بھر کے بیشتر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے وضع کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جانا انتہائی لازمی ہے جن میں سماجی رابطے کو محدود رکھتے ہوئے خود کو زیادہ سے زیادہ وقت گھر میں رکھنا شامل ہے۔
کورونا وائرس کے بیشتر ایسے مریض ہیں جو پہلے سے اس مرض میں مبتلا افراد کے ساتھ میل جول رکھنے سے اس مرض کا شکار ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے لازمی ہے کہ ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں اور سماجی رابطے کو انتہائی محدود کر دیا جائے۔