Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

20 ہزار تبلیغی قرنطینہ میں، مزید کی تلاش

تبلیغی انتظامیہ کے مطابق روان سال دنیا کے کئی ملکوں کے شہریوں نے اجتماع میں شرکت کی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس سے احتیاط کے پیش نظر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی تھی اور وبا کے پھیلنے سے پہلے یا بعد میں جتنے بھی اجتماعات ہوئے ان کی چھان بین کی جا رہی ہے اور تبلیغی جماعت کے 20 ہزار ارکان کو قرنطینہ کرنے کا معاملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے قریب تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے ہزاروں افراد ملک کے مختلف حصوں میں چلے گئے تھے جن میں سے 20 ہزار کی نشاندہی کر کے اُنہیں قرنطینہ کیا گیا ہے، جبکہ ہزاروں دیگر کی تلاش جاری ہے۔
اے ایف پی کے مطابق انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ایک لاکھ افراد نے رواں سال منعقد کیے جانے والے اجتماع میں شرکت کی۔
اے ایف پی کے مطابق حکام نے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔
خیبر پختونخوا میں حکام نے پانچ ہزار 300 ایسے افراد کو قرنطینہ کیا ہے جنہوں نے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی۔
صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر نے اے ایف پی کو بتایا کہ شعبہ صحت کے حکام تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کے ٹیسٹ کر رہے ہیں اور بعض افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں تبلیغی افراد بڑی شاہراہیں اور ٹرانسپورٹ بند ہو جانے کی وجہ سے ملک کے دیگر علاقوں میں پھنس گئے تھے۔
اے ایف پی کو پنجاب میں حکام نے بتایا کہ لاہور میں سات ہزار تبلیغی افراد کو قرنطینہ کیا گیا جبکہ سندھ میں حکام کے مطابق یہ تعداد آٹھ ہزار ہے۔
بلوچستان میں بھی درجنوں تبلیغی افراد کو زبردستی الگ تھلگ رہنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں تبلیغی مراکز اور مساجد بند کی گئیں یا ان کو قرنطینہ قرار دیا گیا۔

پاکستان میں رواں سال رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع میں ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔ فوٹو: اے ایف پی

حکام کے مطابق مارچ میں منعقد ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد میں سے 154 کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ ان میں سے دو افراد ہلاک ہوئے۔
اے ایف پی کے مطابق تبلیغی جماعت کو دنیا میں مذہب کی بنیاد پر قائم سب سے بڑی تحریک سمجھا جاتا ہے جو اسلامی نظریات پھیلانے کے لیے دنیا کے مختلف ملکوں میں اپنے کارکن بھیجتی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ رواں سال بھی تبلیغی اجتماع میں دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جن میں چین، انڈونیشیا، نائیجیریا اور افغانستان شامل ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق اس وقت پاکستان میں 15 سو غیر ملکی شہریوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے تاہم دیگر بغیر ٹیسٹ کرائے واپس اپنے ملکوں کو چلے گئے۔
اے ایف پی کے مطابق غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی تھی کہ فلسطین میں سامنے آنے والے کورونا کے دو مریضوں نے پاکستان کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی۔

شیئر: