Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زکربرگ کی تنخواہ ایک ڈالر کیسے؟

مارک زکربرگ کی سکیورٹی اور سفری اخراجات لاکھوں ڈالر میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوئی ہوگی کہ فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کی سالانہ تنخواہ صرف ایک ڈالر کیوں ہے؟
آپ کو بتاتے چلیں کہ مارک زکر برگ کی تنخواہ تو صرف ایک ڈالر سالانہ ہے، لیکن ان کی سکیورٹی اور سفر کے اخراجات لاکھوں ڈالر میں ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کے مطابق 2019 میں مارک زکر برگ اور ان کی فیملی کی سکیورٹی اور فضائی سفر پر دو کروڑ تین لاکھ امریکی ڈالر یعنی تقریباً چار ارب پاکستانی روپے خرچ ہوئے۔
2018 میں کمپنی نے اپنے مالک کی حفاظت اور سفر پر دو کروڑ ڈالر اور 2017 میں 91 لاکھ ڈالر خرچ کیے تھے۔
مارک زکربرگ کے نجی فضائی سفر کے لیے بھی کمپنی نے 29 لاکھ ڈالرز سے زیادہ رقم خرچ کی۔
فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈبرگ کے لیے اخراجات کی مد میں صرف 8 لاکھ 75 ہزار ڈالرز خرچ ہوئے، جبکہ بونس کے طور پر انہیں 9 لاکھ ڈالرز ادا کیے گئے، جو کہ 2018 میں 6 لاکھ 38 ہزار ڈالرز تھے اور انہیں ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالرز کی مالیت کے حصص بھی دیے گئے ہیں۔

جنوری میں فیس بک کے شیئر 224.20 ڈالر فی شیئر تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے (فوٹو:اے ایف پی)

کمپنی کا کہنا تھا کہ مارک زکربرگ کے تحفظ کے حوالے سے خدشات کی وجہ سے ان کی سکیورٹی کے لیے زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔ زکربرگ فیس بک کے ناصرف بانی بلکہ سی ای او، چیئرمین اور کنٹرولنگ سٹاک ہولڈر بھی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں فیس بک کے شیئر 224.20 ڈالر فی شیئر تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے جو مارچ میں کم ہو کر 137.10 ڈالر فی شیئر پر آگئے تھے۔

شیئر: