مہنگے ترین سمارٹ فونز پیش کرنے کی شہرت رکھنے والے امریکی ٹیکنالوجی ادارے ایپل نے آئی فونز سیریز کا نیا مگر سستا فون پیش کرتے ہوئے آئی فون ایس ای (سیکنڈ جنریشن) کے اجرا کا اعلان کیا تو انٹرنیٹ صارفین باالخصوص سوشل میڈیا صارفین نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
اگرچہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ایپل کا سمارٹ فون یا کوئی اور ڈیوائس لانچ ہونے پر کی جانے والی گفتگو سرچ انجنز اور سوشل میڈیا کے ٹرینڈز کا حصہ بنی ہو تاہم اس مرتبہ یہ اس لحاظ سے خلاف معمول رہی کہ صارفین نے اسے ماضی میں لانچ کیے گئے مختلف آئی فونز کا چربہ تک قرار دے ڈالا۔
مزید پڑھیں
-
فون کورونا کے متاثرہ فرد سے خبردار کرے گاNode ID: 471011
-
انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسیجز اب ویب پرNode ID: 471476
-
’آپ لوگ پاکستان کی کریم ہیں تو دودھ میں ضرور کوئی خرابی ہے‘Node ID: 472221
ایپل کی جانب سے نئے فون سیٹ سے متعلق باقاعدہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک نسبتا سستا سمارٹ فون ہے جو اے 13 بائیونک، تیزترین چپ اور بہترین سنگل کیمرہ فیچرز کا حامل ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے نئے فون سے متعلق گفتگو میں اسے متعدد سابقہ ماڈلز کا ملغوبہ قرار دیا تو اپنے تئیں اس دعوے کے ثبوت بھی پیش کیے۔ حنیف ایم زی نامی صارف نے لکھا ’باڈی آئی فون ایٹ کی ہے، اندرونی سامان آئی فون گیارہ کا ہے جب کہ کیمرہ آئی فون ایکس آر کا ہے۔‘
ایک اور صارف نے بھی گزشتہ فونز کے ساتھ نئے فون کی مشابہت کو اپنی ٹویٹ کا حصہ بنایا تاہم ساتھ ہی مہنگا آئی فون الیون خریدنے والوں کے مبینہ جذبات کی نشاندہی بھی کی۔
ڈائٹر نامی صارف نے ایپل کی مہنگی مصنوعات پر تنقید کرنے اور اس کا دفاع کرنے والوں کا ذکر کرتے ہوئے نئے آئی فونز کی کم قیمت کو اپنی ٹویٹ کا موضوع بنایا۔
نئے فون کے اعلان نے ناصرف صارفین کو اس کے فیچرز، رنگوں، قیمت کی طرف متوجہ کیا بلکہ ساتھ ایپل کی دیگر مصنوعات کو بھی ایک بار پھر سرچ ٹرینڈز کا حصہ بنا دیا۔
ایپل نے اپنے نئے سمارٹ فون سے متعلق اعلان اپنے آفیشل بلاگ پر کیا تو ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی اس کا ذکر کیا۔ مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نئے فون کے اعلان کے لیے کسی ٹویٹ کے بجائے ایپل کے آفیشل اکاؤنٹ کا کور تبدیل کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کوئی ٹویٹ نہیں کی گئی ہے نا ہی کسی کو فالو کیا گیا ہے اس کے باوجود فالوورز کی تعداد چار اعشاریہ دو ملین سے زائد ہے۔
آئی فون ایس ای میں کیا ہے؟
ایپل کے اعلان کردہ سیکنڈ جنریشن آئی فون ایس ای کا ڈسپلے ریٹینا ایچ ڈی اور اس کی چوڑائی چار اعشاریہ سات انچ ہے۔ حفاظتی نقطہ نظر سے اس میں ٹچ آئی ڈی فیچر بھی دیا گیا ہے۔
ایپل کی تیار کردہ اے 13 بائیونک چپ نئے سمارٹ فون میں نصب کی گئی ہے جس سے بیٹری لائف بہتر رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ایپل کے مطابق یہ اب تک آئی فونز میں استعمال کیے گئے بہترین سنگل کیمرہ کا حامل ہے۔ آئی فون ایس ای کی باڈی ایروسپیس گریڈ ایلمونیم سے بنائی گئی ہے۔
Some wanted a more affordable #iPhone #iPhoneSE #Apple pic.twitter.com/v074qiYrAy
— Ronald Gamboa S (@RonaldGamboaS) April 15, 2020
آئی فون ایس ای کے رنگ اور پری آرڈرز تاریخ
نیا فون تین رنگوں سیاہ، سفید اور سرخ میں پیش کیا گیا ہے اور جمعہ 17 اپریل سے پیشگی آرڈرز کے لیے ایپل کی ویب سائٹ اور ایپلیکیشن پر جب کہ امریکہ سمیت 40 دیگر ملکوں میں مخصوص ریٹیلرز سے 24 اپریل تک دستیاب ہو گا۔
آئی فون ایس ای کی قیمت
ایپل کے مطابق نئے آئی فون، یعنی آئی فون ایس ای سیکنڈ جنریشن کی قیمت 399 ڈالر سے شروع ہو گی اور یہ 64 ایک سو 28 اور 256 جی بی سٹوریج کے ساتھ دستیاب ہو گا۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں