Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسیجز اب ویب پر

انسٹاگرام کے نئے فیچر سے ایک وقت میں زیادہ میسیجز کا جواب دینا ممکن ہو سکے گا (فوٹو سوشل میڈیا)
سماجی رابطوں کی موبائل ایپلیکیشن انسٹاگرام کی جانب سے موبائل فون صارفین کے بعد اب ویب صارفین کو بھی لائیو سٹریم دیکھے اور ڈائریکٹ میسیجز کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔
انسٹاگرام کے نئے فیچر کے تحت اب لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ پر ایپلیکیشن استعمال کرنے والے صارفین کو لائیو سٹریم دیکھنے کے لیے اپنے فون میں انسٹال کی گئی ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انسٹاگرام کی یہ سہولت استعمال کرنے والے صارفین فی الوقت لائیو سٹریم کو دیکھ ہی سکیں گے، اگر وہ ویب سے سٹریم کرنا چاہیں تو ایسا ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا ہے۔
امریکن فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ سوشل نیٹ ورک کے نئے پیش کیے گئے ڈائریکٹ میسیج (ڈی ایم) فیچر کے ذریعے اب ڈیسک ٹاپ صارفین بھی اپنی ڈیوائسز پر رہتے ہوئے موصول ہونے والے پیغامات کو دیکھ اور ان کا جواب دے سکیں گے۔
اس فیچر کو متعارف کرانے سے قبل انسٹاگرام صارفین کے ایک نسبتا چھوٹے گروپ کے ذریعے اسے جنوری سے ٹیسٹ کرتا رہا ہے۔ اسی دوران ایپلیکیشن پر بھی ایموجی کی بورڈ اور فوٹوز، ویڈیوز کے لیے گیلری ویو کی سہولت مہیا کی گئی تھی۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انسٹاگرام کا ویب ڈی ایم آپشن ہر وقت پلیٹ فارم استعمال کرنے والے افراد مثلا رپورٹرز، انفلوئنسرز اور سوشل میڈیا مینیجرز کے لیے مفید رہے گا۔
اس فیچر کے ذریعے انسٹاگرام کے صارفین سہولت کے ساتھ نجی گفتگو اب ویب پر بھی کر سکیں گے، ایک دن میں درجنوں میسیجز کے جواب دینے والوں کے لیے یہ فیچر زیادہ مفید رہے گا۔

ویب پر ڈائریکٹ میسیجز تک رسائی انسٹاگرام صارفین کو میسیجز پڑھنے اور جواب کا موقع دے گی (فوٹو سوشل میڈیا)

گزشتہ برس ایک انٹرویو کے دوران فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ میسیجز، گروپس اور سٹوریز آن لائن کیمونیکیشن کے سب سے تیزی سے بڑھنے والے شعبے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کہا گیا تھا کہ کمپنی پرائیویسی فوکسڈ کیمونیکیشن پلیٹ فارم بننے کی جانب آگے بڑھے گی۔ حالیہ فیچر اسی سلسلے کی کڑی محسوس ہوتا ہے۔

سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا جا چکا ہے کہ بتدریج فیس بک کی ملکیتی تینوں ایپلیکیشن انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک کے صارفین کو یہ سہولت دی جائے گی کہ وہ پلیٹ فارم کی شرط کے بغیر ایک دوسرے کو میسیج کر سکیں۔ اس نظام کو قابل استعمال بنانے میں بھی ویب ورژن کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
اکتوبر 2010 میں آئی فونز کے لیے لانچ کی گئی ایپلیکیشن انسٹاگرام کو کیون سیسٹروم اور مائک کرائگر نے لانچ کیا تھا، جب کہ اینڈرائڈ فونز کے لیے اسے 2012 میں لانچ کیا گیا تھا۔ انسٹاگرام کا ویب ورژن نومبر 2012 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اپنی لانچ کے پہلے دو ماہ میں دس لاکھ صارفین اور پہلے ہی برس ایک کروڑ صارفین بنا لینے والی ایپلیکیشن کو اپریل 2012 میں ایک ارب ڈالر میں فیس بک نے خرید لیا تھا۔

شیئر: