Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 785 نئے کیسز، 24 گھنٹوں میں 16 ہلاک

پاکستان میں عالمی وبا کا پہلا کیس سندھ کے شہر کراچی میں دو ماہ قبل سامنے آیا تھا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 16 مریض ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 785 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سنیچر کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے جبکہ کل 11 ہزار 940 کے لگ بھگ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں دو ہزار 700 سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب بھی ہوئے  اور اس وقت 717 ہسپتالوں میں تین ہزار سے زائد مریض زیرعلاج ہیں، دیگر متاثرین کو گھروں میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔

 

ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں متاثرین کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ سندھ میں تین ہزار 946 افراد میں وائرس پایا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 700 جبکہ بلوچستان میں 656 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
 دارالحکومت اسلام آباد میں 223 جبکہ گلگت بلتستان میں 307 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں اب تک کل 55 کورونا کیسز ہیں۔
مرنے والے 253 افراد میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں 89، سندھ میں 75، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 10 ہیں۔ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تین، تین ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب تک ملک میں ایک لاکھ 31 ہزار 365 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ اگلے 15 دن وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اہم ہیں اور وہ لاک ڈاؤن سخت کریں گے کیونکہ ان کے صوبے میں ہسپتال مریضوں سے بھر گئے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: